حکومت سندھ شہری سہولت اور مستقبل کی پائیدار ترقی کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کر رہی ہے، وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کے۔فور، ریڈ لائن اور دیگر ترقیاتی منصوبے صرف تعمیراتی سرگرمیاں نہیں بلکہ حکومت کے وژن کا حصہ ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کے۔فور منصوبہ کراچی کے عوام کے لیے ایک وعدہ ہے جس کے تحت شہر کو صاف اور وافر پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک پانی کی پائپ لائن بچھانے کا مقصد شہریوں کو طویل مدتی سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان منصوبوں میں تعاون کریں کیونکہ یہ منصوبے انہی کے بہتر مستقبل کے لیے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وقتی طور پر ٹریفک کی مشکلات ضرور پیش آ رہی ہیں مگر یہ مشکلات ایک مستقل حل کی طرف پیش رفت ہیں اور جہاں بھی عوامی مشکلات سامنے آ رہی ہیں، وہاں فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بہت جلد کراچی کے شہری ان منصوبوں کے مثبت نتائج خود محسوس کریں گے۔