پرتگال کے مایہ ناز فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کا فٹبال ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا اور وہ ایک یا دو سال کے اندر مکمل طور پر فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
رونالڈو نے ریاض میں منعقدہ عالمی سیاحت و سرمایہ کاری کانفرنس سے وڈیو کال کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فٹبال کے اپنے سفر کے آخری مرحلے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا میرے لیے جلد کا مطلب دس سال نہیں میں مذاق کر رہا ہوں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایک یا دو سال کے اندر میں کھیل کو خیرباد کہ دوں گا۔ میں خود کو بہترین فٹ محسوس کر رہا ہوں گول کر رہا ہوں اور اب بھی تیز اور توانائی سے بھرپور ہوں۔ قومی ٹیم کے ساتھ کھیلنا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والا 2026 کا ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری بڑا ایونٹ ہوگا کیونکہ اس وقت وہ 41 سال کے ہو چکے ہوں گے۔ رونالڈو نے کہا میں نے اپنی زندگی کے 25 سال فٹبال کے لیے وقف کیے، ریکارڈ قائم کیے، اعزازات جیتے اور اپنی کارکردگی پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ اب وقت ہے کہ لمحے کو جیا جائے اور اس سے لطف اندوز ہوا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اپنے بیٹے کرسٹیانو جونیئر کے حوالے سے کہا کہ اگر وہ ان سے بہتر کھلاڑی بن جائے تو یہ ان کے لیے فخر کی بات ہوگی۔ رونالڈو نے کہا انسان فطری طور پر نہیں چاہتا کہ کوئی اس سے بہتر ہو لیکن میں چاہتا ہوں کہ میرے بچے مجھ سے بہتر ہوں۔ میں اپنے بیٹے پر کوئی دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا۔ میری خواہش ہے کہ وہ خوش رہے چاہے فٹبال کھیلے یا کوئی اور کھیل بس مطمئن زندگی گزارے۔ نئی نسل کا سوچنے اور جینے کا انداز مختلف ہے اور بطور والد میرا کام ہے کہ میں اس کی رہنمائی کروں۔
رونالڈو نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز 2002 میں سپورٹنگ لشبون سے کیا اور اب تک کلبوں اور قومی ٹیم کے ساتھ 950 سے زائد گول کر چکے ہیں۔