پاکستان کرکٹ کے لیے خوشخبری، سری لنکا کے کھلاڑیوں نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے ملک واپس جانے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے اور ٹیم نے دورہ پاکستان جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سری لنکا ٹیم کے منیجر نے بتایا کہ تمام معاملات دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان طے پا گئے ہیں اور سری لنکا کی ٹیم مکمل طور پر پاکستان کا دورہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ کوئی کھلاڑی واپس نہیں جا رہا دورہ معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ایک سرکاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ دورہ سری لنکا کی ٹیم کے ساتھ جاری رہے گا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سری لنکن بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ کا ساتھ دیا۔
بیان کے مطابق ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے شیڈول میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔ اب پاکستان اور سری لنکا کے ون ڈے میچز راولپنڈی میں 14 اور 16 نومبر کو ہوں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز 17 کے بجائے 18 نومبر سے شروع ہوگی۔
پی سی بی کے مطابق جن شائقین نے 13 اور 15 نومبر کے لیے ٹکٹ خریدے تھے وہ نئی تاریخوں پر انہی ٹکٹس کے ساتھ میچ دیکھ سکیں گے۔
دوسری جانب زمبابوے کی کرکٹ ٹیم بھی جمعرات کی صبح اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ ٹیم جمعہ سے پریکٹس سیشن کا آغاز کرے گی۔
ذرائع کے مطابق منگل کے روز ہونے والے دہشت گردی واقعے کے بعد چند سری لنکن کھلاڑیوں نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر وطن واپس جانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ تاہم پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے مشترکہ طور پر کھلاڑیوں کو سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کرائی جس کے بعد انہوں نے دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
محسن نقوی نے اپنی ٹویٹ میں واضح کیا کہ دورہ شیڈول کے مطابق مکمل ہوگا البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ٹیم میں کوئی متبادل کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں یا نہیں۔
یاد رہے کہ سری لنکا ٹیم نے اب بھی پاکستان میں دو ون ڈے میچز کھیلنے ہیں جس کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز میں زمبابوے کے ساتھ حصہ لے گی۔