چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے وفود اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق کانفرنس میں شریک غیر ملکی وفود نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے وژن، قائدانہ صلاحیتوں اور پاکستان کی شاندار میزبانی کو سراہا۔
ترکیہ کے رکن پارلیمان علی شاہن نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین سینیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا۔ ملائیشیا کے نائب صدر سینیٹ نور جزلان بن محمد نے بھی گیلانی کے وژن اور قائدانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آذربائیجان کے ڈپٹی اسپیکر علی احمدوف نے کہا کہ یہ کانفرنس پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوئی ہے۔ اسی طرح مالدیپ کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ، فلپائن کی سابق صدر گلوریا ماکاپاگال، لائبیریا کے اسپیکر رچرڈ ناگبے کون، بیلاروس کے سرگئی ایلینک، صومالیہ کی سعدیہ یاسین حاجی اور بارباڈوس کے اسپیکر آرتھر یوجین ہولڈر نے بھی چیئرمین سینیٹ کے وژن اور قیادت کی تعریف کی۔
غیر ملکی وفود نے کہا کہ یہ کانفرنس پارلیمانی سفارتکاری، امن و ترقی، اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوئی ہے۔
سعودی عرب، واشنگٹن ٹائمز کے نمائندگان اور آئی ایس سی سیکرٹریٹ کے ارکان نے بھی وطن واپسی سے قبل پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہا اور چیئرمین سینیٹ کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔