شمالی وزیرستان کے نوجوانوں کا اسلام آباد ، لاہور کا تعلیمی دورہ

North Waziristan
North Waziristan

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):پاک فوج کے زیر اہتمام شمالی وزیرستان کے نوجوانوں نے حال ہی میں تفریحی اورتاریخی مقامات کی سیر و تفریح کے لیے اسلام آباد اور لاہور کا دورہ کیا ہے۔یہ اقدام ، “علم تولو دا پارہ” (تعلیم سب کے لیے) پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد شمالی وزیرستان کے نوجوانوں میں تعلیمی بیداری کو فروغ دینا ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوجوانوں نے پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری، پاکستان مونومنٹ میوزیم، لوک ورثہ میوزیم اور لیک ویو پارک کا دورہ کیا۔

لوک ورثہ اور پاکستان یادگار میں، انہوں نے تحریک آزادی کے دوران دی گئی قربانیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں جس سے پاکستان کی تاریخ کے لیے ان کی جستجو میں وسعت پیدا ہوئی ہے۔ اسی طرح لاہور میں نوجوانوں نے واہگہ بارڈر، مینارِ پاکستان، مزارِ اقبال، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ جیسے اہم مقامات کا دورہ کیا۔

واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب میں رینجرز جوانوں کے گونجتے ہوئے قومی فخر کے نعروں سے شمالی وزیرستان کے نوجوان جذبہ حب الوطنی میں ڈوب گئے۔نوجوانوں نے تفریحی اور تاریخی مقامات کی سیر و تفریح اور تعلیمی دورہ کا موقع ملنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل کے دوروں کے لیے بے تابی کا اظہار کیا ہے۔