Add Poetry

وقت کا مرثیہ

Poet: Dr Qamar Siddiqui By: Romana Raja, kharian

جس ملک میں حاکم ڈرتے ہوں
دہشت گردی سے مرتے ہوں

جب گھر میں بلائے جاتے ہوں
بندوق کے سائے جاتے ہوں

جہاں عصمتیں صبح و شام لٹیں
جہاں خاص لٹیں جہاں عام لٹیں

جہاں دین لٹے جہاں دھرم لٹے
جہاں پیار لٹے جہاں بھرم لٹے

جہاں معبد خوں میں نہائے ہوں
جہاں سب منظر دھندلائے ہوں

جہاں ہر سو ظلم کے پہرے ہوں
جہاں غم کے موسم ٹھہرے ہوں

جہاں منصف و حاکم اندھے ہوں
جہاں مکر و فریب کے دھندے ہوں

جہاں صبحیں کالی کالی ہوں
جہاں راتیں جیسے گالی ہوں

جہاں فکر اور فن بکاؤ ہوں
جہاں تن اور من بکاؤ ہوں

جہاں مہنگائی کی ڈائن ہو
جہاں رکھوالا ہی خائن ہو

ہر آدم زاد سے اے لوگوں
اپنے ہمزاد سے اے لوگوں

صد ادب ہمیں یہ کہنا ہے
کب تک ہمیں یہ سب سہنا ہے

اقبال نے کب یہ سوچا تھا
قائد نے کب یہ چاہا تھا

کہ ایسا پاکستان بنے
جو ظلمت کی پہچان بنے

Rate it:
Views: 595
17 Mar, 2009
More Political Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets