اپنے فن کے ذریعے سفارت کاری کرنے والی پاکستانی خاتون

image
رابعہ ذاکر کو پاکستان کے سفارتی حلقوں میں ایک ایسی فنکارہ کے طور پر جانا جاتا ہے جن کی بنائی گئی پورٹریٹس عرب دنیا کے ساتھ پاکستان کے روابط کے لیے ایک پُل کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق رابعہ ذاکر نے رواں سال سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا بھی پورٹریٹ بنایا۔ انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین سمیت مشرق وسطیٰ میں شاہی خاندان کے افراد کے پورٹریٹس بنائے۔

ان کے بنائے گئے یہ پورٹریٹس اور خوبصورت نظاروں پر مبنی فن پارے پاکستان میں موجود 50 سفارت خانوں خصوصاً سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین اور اومان میں آویزاں ہیں۔

رابعہ ذاکر کہتی ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب مذہبی اور ثقافتی لحاظ سے ایک رشتے میں بندھے ہیں۔ تاہم لسانی تفریق دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی میں ایک رکاوٹ ہے اس لیے وہ ایسی تمام رکاوٹوں کے خاتمے اور اسلامی دنیا سے ناطہ جوڑنے کے لیے ایک پُل کی طرح اپنے اس فن کو سفارت کاری کے اہم ذریعے کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔

رابعہ نے اپنے ایک انٹرویو میں عرب نیوز کو بتایا کہ ’دنیا بھر اور بیرونی سفارت خانوں میں میری یہ پینٹنگز پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دے رہی ہیں۔‘

ان کے بقول ’سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پورٹریٹ کے بعد لوگوں نے مجھے پہچاننا شروع کیا۔ مجھے بہت شاندار محسوس ہوتا ہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ ہمارے سعودی عرب کے قریبی دوستوں نے بھی میرے کام کو خوب سراہا۔‘

رابعہ ذاکر کا کام سب سے پہلے اسلامی ملک تیونس کے قومی دن کے موقعے پر 20 مارچ 2016 کو ایک آرٹ نمائش میں دکھایا گیا۔ اسی سال انہیں سعودی سفارت خانے کی جانب سے شاہ سلمان کا پورٹریٹ بنانے کی ذمہ داری دی گئی۔

رواں سال جنوری میں رابعہ ذاکر کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا پورٹریٹ بنانے کا کہا گیا جو انہوں نے سعودی ولی عہد کے پاکستان کے دورے کے دوران سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو پیش کیا۔

رابعہ ذاکر گورنر مکہ شہزادہ فیصل، عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النیہان، وزیراعظم یو اے ای شیخ محمد بن راشد المکتوم اور ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زید النیہان کے پورٹریٹس بھی بنا چکی ہیں۔

راولپنڈی میں مقیم مصورہ نے کئی صدور، وزرائے اعظم کے پورٹریٹس بنائے ہیں تاہم، ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہورٹریٹس ان کا سب سے اہم اور قیمتی کام ہے۔

ذاکر نے بتایا کہ ’میری خواہش ہے کہ میں انہیں ذاتی طور پر یہ پورٹریٹس پیش کروں۔‘

News source : Urdu news

You May Also Like :
مزید