برطانوی عمر رسیدہ خاتون نے 320 دنوں میں دنیا کا چکر لگا لیا

image
ستتر برس کی عمر میں تنہا، بغیر کسی کی مدد لیے اور بغیر رکے کشتی کے ذریعے دنیا کا چکر لگانا۔۔۔ سوچیے کس قدر مشکل ہے۔ لیکن ایک برطانوی خاتون نے یہ مشکل کام بھی آسان کر دکھایا ہے۔

جینی سوکریٹس دنیا کی پہلی عمر رسیدہ خاتون کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں جنہوں نے 320 دنوں میں دنیا کا چکر مکمل کیا۔

ہیمپشائر کے علاقے لیمنگٹن سے تعلق رکھنے والی جینی سوکریٹس نے کینیڈا کے شہر وکٹوریہ میں اپنے 320 دنوں کا سفر ختم کیا۔ سفر کے آخری لمحات میں ان کے ساتھ کشتیوں کا ایک بیڑہ موجود تھا جب کہ سیکڑوں افراد نے بندرگاہ پر ان کا خوش دلی سے استقبال کیا۔

سفر کے دوران ان کی 38 فٹ لمبی کشتی ’نیریڈا‘ کئی جگہوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی تھی۔ حتیٰ کہ کشتی کے شمسی پینل بھی ٹوٹ گئے تھے۔

رائل وکٹوریہ یاٹ کلب کے مطابق سوکریٹس سے پہلے مینوروسائٹو کے پاس یہ اعزاز تھا۔ مینوروسائٹو نے 2005 میں 71 سال کی عمر میں کشتی کے ذریعے دنیا کا چکر لگایا تھا۔

سوکریٹس نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ دورانِ سفر انہوں نے دو طوفانوں کا سامنا کیا۔ ایک طوفان کی وجہ سے ان کا پورا ایک ہفتہ ضائع ہوا۔

سوکریٹس نے جہاز رانی 1997 میں اپنے شوہر کے ہمراہ شروع کی تھی۔ دونوں میاں بیوی نے مل کر یورپ، کیریبین اور امریکہ کا سفر کیا۔ لیکن 2003 میں سوکریٹس کے شوہر کے انتقال کے بعد انہیں تنہا ہی سمندری سفر طے کرنا پڑے۔

News Source : VOA

You May Also Like :
مزید