کام ایک مگر انداز جدا، شوبز کے بہنیں جنہوں نے اپنے اپنے انداز سے کامیابی حاصل کی

image

عام طور پر یہ تصور کیا جاتا ہے کہ ایک گھر میں رہنے والے افراد اگر ایک ہی شعبہ زندگی سے منسلک ہوں تو ان کی عادات و اطوار میں بھی مماثلت آجاتی ہے- مگر ایسا ہمیشہ ہو یہ کہنا یقینی نہیں ہے کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کی فطرت ایک دوسرے سے جدا بنائی ہے یہی وجہ ہے کہ ایک ہی شعبے میں رہتے ہوئے بھی انسان اپنے مختلف انداز سے اپنی علیحدہ شناخت بنا سکتا ہے جیسے کہ ہمارے شو بز میں ایک ساتھ کام کرنے والی ان بہنوں نے بنائی ہے-

1: ایمن خان اور منال خان

ایمن خان اور منال خان شوبز کی وہ جڑواں بہنیں ہیں جنہوں نے اپنے کیرئير کا آغاز چائلڈ ایکٹر کے طور پر کیا تھا اور وقت کے ساتھ ساتھ دونوں بہنوں نے بطور ہیروئن مرکزی کرداروں میں بھی کامیابی حاصل کی- ایمن خان کیرئير کے آغاز ہی میں منیب بٹ سے منسلک ہو گئی تھیں اور ان سے جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ گئی تھیں- انہوں نے اپنے کیرئير پر اپنی خانگی زندگی کو اہمیت دی اور کیرئير کے عروج میں ہی شادی کا فیصلہ کر لیا اور اب ایک بیٹی کی ماں کے طور پر فرائض انجام دے رہی ہیں- اس دوران اگرچہ انہوں نے باضابطہ طور پر شوبز سے علیحدگی کا اعلان نہیں کیا مگر پہلے شادی اور پھر بیٹی کی پیدائش کے سبب انہوں نے کوئی پراجیکٹ بھی سائن نہیں کیا- اس کے برخلاف منال خان نے اپنے کیرئير کو اولیت دی اگرچہ کچھ عرصے تک ان کا نام ماڈل منظور خان کے ساتھ بھی لیا جاتا رہا مگر اب انہوں نے منظور خان کے ساتھ بھی اپنا تعلق ختم کر دیا ہے اور سنجیدگی سے اپنے کیرئير کو توجہ دے رہی ہیں اور پے در پے ہٹ ڈرامے دے کر کامیابیوں کے سفر میں رواں دواں ہیں -

2: سنگیتا اور کویتا

پاکستان فلم انڈسٹری کے اندر جن دو بہنوں نے اپنی کامیابی سے جھنڈے گاڑے ان میں سنگیتا اور کویتا کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں- سنگیتا بڑی بہن تھیں اور انہوں نے اپنے کیرئير کا آغاز 1969 میں فلم کوہ نور میں بطور چائلڈ ایکٹر کیا ان کا اصل نام پروین رضوی تھا اس کے بعد انہوں نے کئی فلموں میں بطور ہیروئن اداکاری کے جوہر دکھائے- 1976 میں انہوں نے اداکاری سے ڈائریکشن کے شعبے میں قدم رکھا اور یہاں پر بھی انہوں نے بطور ہدایت کارہ کامیابی حاصل کی جب کہ ان کی چھوٹی بہن کویتا جن کا اصل نام نسرین رضوی تھا انہوں نے اپنے کیرئير کا آغاز اپنی بہن کی ہدایت میں بننے والی فلم سوسائٹی گرل سے کیا- 1976 سے لے کر 1993 تک انہوں نے تقریباً 70 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے سنگیتا جہاں بھاری بھرکم جسامت کی حامل تھیں وہیں پر کویتا بھارتی اداکاراؤں کی طرح نرم و نازک اور مشرقی نقوش کی حامل تھیں مگر کویتا جلد ہی اداکاری چھوڑ کر امریکہ شفٹ ہو گئیں اور انہوں نے وہیں سکونت اختیار کر لی جب کہ سنگیتا آج بھی بڑی اسکرین کے ساتھ ساتھ چھوٹی اسکرین پر اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آتی ہیں-

3: عروہ اور ماورہ

موجودہ دور میں عروہ اور ماورہ بھی شوبز میں یکساں طور پر کامیابی حاصل کرنے والی بہنیں ہیں عروہ اور ماورہ کا پورا خاندان آسٹریلیا میں رہائش پزیر ہے مگر یہ دونوں بہنیں اپنے کیرئیر کے سبب پاکستان میں ہی رہتی ہیں- عروہ نے بڑی بہن کے ساتھ ساتھ ماورہ کے لیے ایک ماں کا کردار بھی ادا کیا اور ہر ہر مرحلے پر اپنی بہن کا ساتھ دیا اور ان کے شوبز کیرئير کے ساتھ ساتھ تعلیم کے میدان میں بھی ہر ہر موڑ پر ان کی مددگار کے طور پر ساتھ رہیں- یہی وجہ ہے کہ ماورا نے وکالت کی تعلیم بھی مکمل کی جب کہ اس دوران عروہ اپنے ساتھی فرحان سعید کے ساتھ شادی کر کے رخصت ہو گئیں- مگر آج بھی عروہ کی حیثیت ماورا کے لیے ایک سایہ دار درخت جیسی ہے یہاں تک کہ ماورہ جب اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ کے لیے بالی وڈ جانے لگیں تب بھی عروہ کی ہدایات ہر ہر قدم پر ان کے ساتھ تھیں-

4: سجل علی اور صبور علی

سجل علی اور صبور علی کا شمار بھی ان دلکش اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے انتہائی قلیل وقت میں شہرت کے آسمان پر اپنی کرنیں بکھیریں مگر ان دونوں کا کام کرنے کا انداز یکسر جدا ہے- سجل علی اپنے کام کے حوالے سے جتنی پروفیشنل کیرئير کے شروع سے رہی ہیں وہ سنجیدگی صبور علی میں کم ہی دیکھنے میں آئی ہے- یہی وجہ ہے کہ سجل علی کا کامیابیوں کا گراف صبور علی سے بہت زیادہ ہے مگر اب جب کہ سجل علی احد رضا میر سے شادی کرنے کے بعد پیا دیس سدھار چکی ہیں تو صبور علی بھی اپنی بہن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے کیرئیر کے حوالےسے سنجیدگی اختیار کر چکی ہیں- اور کوشش کر رہی ہیں کہ ہر پراجیکٹ میں کام کرنے کے بجاۓ صرف ان پراجیکٹ میں کام کریں جن میں ان کا کردار پاور فل اور مرکزی ہو-

5: سارہ خان اور نور خان

سارہ خان جو کہ حال ہی میں فلک شبیر کے ساتھ شادی کرنے کے سبب سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت ہیں اپنے سلجھے ہوئے انداز اور خوبصورتی کے سبب شائقین میں بہت پسندیدگی کی نظر سے دیکھی جاتی ہیں- ان کی چھوٹی بہن نور خان بھی اپنی بہن کی ہی طرح مشرقی حسن سے آراستہ ہیں مگر جو کامیابیاں سارہ خان کے حصے میں انتہائی قلیل وقت میں آئيں وہ اب تک نور خان کو نہیں مل سکی ہیں- امید کی جاتی ہے کہ نور خان بھی آنے والے وقت میں اپنے انداز سے دیکھنے والوں کو متاثر کرنے میں کامیاب ہو جائيں گی مگر یہ کہنا بےجا نہ ہو گا کہ سارہ خان اپنی بہن نور خان کے مقابلے میں ایک بہتر اداکارہ ہیں-

You May Also Like :
مزید