میری سمجھ میں کیوں نہیں آتا؟

(گوگل سے لی گئی تصویر)
جب میں لال بتّی پر اپنی گاڑی روکتا ہوں اور پیچھے سے آکر ایک گاڑی دھماکے کے ساتھ میری گاڑی سے ٹکراتی ہے، بہت غصے میں اُتر کر پچھلی گاڑی کے ڈرائیور کو مارنے کے ارادے سے گالیاں دیتا ہؤا لپکتا ہوں تو گاڑی اتنی اونچی کہ قد چھوٹا ہونے کی بابت اس کے گریبان تک ہاتھ نہیں پہنچتا، وہ شیشہ کھول کر گردن باہر نکال کر دیکھتا ہے تو ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں اور جلدی سے اپنی گاڑی سائڈ پر کر لیتا ہوں تاکہ بڑی بڑی مونچھوں سے ہاتھ میں لی ہوئی پستول نہ چل جائے۔
جب میں سنسان گلی میں گاڑی پارک کر کے گیٹ پر لگے گھنٹی کے سوئچ کو دبانے کے لئے لپکتا ہوں تو ایک نوجوان اچانک نمودار ہوتا ہے اور کہتا ہے "اپنا فون اور تمام پیسے مجھے دے دو"۔میں سمجھتا ہوں کہ جس کے گھر آیا ہوں ان کا بچہ مذاق کر رہا ہے، ہنس کر ٹالنے کی کوشش کرتا ہوں کہ اچانک گولی چلنے کی آواز آتی ہے اور وہ سوئچ جو میں دبانے والا تھا وہ غائب ہو جاتا ہے تو جلدی سے اپنا فون اور پرس دینے کے علاوہ اپنی قیمتی دھوپ کی عینک بھی اس کو دینے کی کوشش میں منہ پر ایک تھپڑ کھاتا ہوں اور وہ نوجوان ، یہ جا اور وہ جا۔
جب میں بڑی شاہراہ پر پولیس والے کے روکنے پر رُک تو جاتا ہوں لیکن نہایت غصے سے پوچھتا ہوں " کیا بات ہے؟۔ وہ ڈرائیونگ لائسنس سمیت جو کچھ بھی دکھانے کو کہتا ہے وہ تمام کاغذات دکھانے کے بعد بھی کہتا ہے "گاڑی سائڈ پر لگا لیں" اب تو غصے سے پاگل ہو کر میں اس کو دھمکیاں دینے پر اتر آتا ہوں تو وہ خاموشی سے چالان کاٹ کر کہتا ہے " یہ جمع کرا دیں، پھر بات ہوگی" چالان پر لکھا تھا " ڈرائیور کے ساتھ بیٹھے شخص نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی" وغیرہ وغیرہ۔
گویا ہر طاقتور کے سامنے میں بے بسی کے باعث اس کا کہنا مان لیتا ہوں خواہ اس کا حکم قانونی ہو یا غیر قانونی تو پھر آخر حکومت کے ہر حکم کی حکم عدولی کرنے میں کیا مزہ آتا ہے؟کیونکہ نہ تو میں آئین کو سمجھتا ہوں ، نہ دستور کو اور نہ ہی سکّئہ رائج الوقت کے علاوہ کوئی اور کرنسی چلا سکتا ہوں تو کیا یہ بہتر نہیں کہ فطرت سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ ہر حکمران کی رعایہ بن کے رہوں تاکہ زندگی قدرے سکون سے گذرے۔

Syed Musarrat Ali
About the Author: Syed Musarrat Ali Read More Articles by Syed Musarrat Ali: 308 Articles with 241862 views Basically Aeronautical Engineer and retired after 41 years as Senior Instructor Management Training PIA. Presently Consulting Editor Pakistan Times Ma.. View More