عیدالفطر کیسے منائی جائے؟ چند قیمتی تجاویز

ماہ رمضان کے اختتام پر یکم شوال کو عید الفطر کا تہوار مسلمانوں کے لیے خوشیوں کا پیغام لے کر آتا ہے اور مسلمان اس تہوار کا استقبال انتہائی جوش و خروش اور گرمجوشی کے ساتھ کرتے ہیں- تاہم ایک بڑی اکثریت کے نزدیک عید صرف ایک پارٹی کا نام ہے جس میں نئے کپڑے پہننا٬ عیدی وصولنا اور دوستوں کے ساتھ تفریح کرنا شامل ہے- اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ تمام امور بھی عید ہی کا ایک خاص حصہ ہیں لیکن عید کی چند مذہبی اور معاشرتی اقدار بھی موجود ہیں جنہیں یاد رکھنا لازمی ہے- ہم یہاں آپ کو چند ایسی تجاویز سے آگاہ کریں گے جن پر عمل کر کے آپ نہ صرف اپنے عید کے یہ قیمتی لمحات ہمیشہ کے لیے یادگار بنا سکتے ہیں بلکہ آپ کی مذہبی اور معاشرتی روایات بھی زندہ رہیں گی-
 

عید ایک انعام
عیدالفطر اﷲ تعالیٰ کی جانب سے مسلمانوں کے لیے ایک انعام ہے جو کہ انہیں رمضان المبارک کے اختتام پر دیا جاتا ہے- مسلمان رمضان المبارک کے پورے ماہ اﷲ تعالیٰ کی عبادات میں مشغول رہتے ہیں اور اﷲ تعالیٰ کی جانب سے مسلمانوں کو عید کی شکل ایک خوشیوں بھرا تحفہ عطا کیا جاتا ہے- اس روز مسلمانوں پر رحمتیں اور برکتیں نازل کی جاتی ہیں-

image


نیا لباس پہنیے
غسل کرنا اور نیا لباس زیب تن کرنا عید کی خصوصی روایات ہیں- ایسے افراد جو نیا اور بہترین لباس خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں انہیں ضرور نیا لباس پہننا چاہیے اور غیر ضروری کنجوسی سے گریز کرنا چاہیے- تاہم جو لوگ یہ استطاعت نہیں رکھتے انہیں بھی چاہیے کہ وہ ایسا لباس پہنیں جو اگر نیا نہ بھی ہو تو کم از کم صاف ستھرا اور بہتر ضرور ہو- اگر اس سال عید پر اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا غم ہے تو بھی آپ اداسی کو اپنے اوپر طاری نہ کیجیے اور نہ ہی سوگ کا ماحول بنائیے- عید کا گرمجوشی سے استقبال کیجیے اور خداوند کریم کی جانب سے عطا کردہ اس انمول تحفے کی قدر کیجیے-

image


فطرہ ادا کرنا ضروری ہے
عید کی خوشیوں میں غریب اور ضرورت مند افراد کو ہرگز نہ بھولیے- عید کی نماز ادا کرنے سے قبل صدقہ فطر مستحقین تک ضرور پہنچا دیجیے تاکہ ان کے لیے بھی یہ دن خوشیوں کا پیغام ساتھ لے کر آئے-

image


عید کی نماز
عید کی نماز صبح سویرے مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں ادا کی جاتی ہے- یہ نماز مختلف علاقوں میں مختلف اوقات میں ادا کی جاتی ہے- اس روز اﷲ کی رحمتوں اور برکتوں کا شکر ادا کرنے کے لیے عید کی نماز اور خطبہ سننا نہایت ضروری ہے- نماز کی ادائیگی کے بعد عیدگاہ میں بھی لوگوں سے گلے ملیے اور انہیں عید کی مبارک باد دیجیے- آپ کا یہ عمل آپس میں محبت بڑھانے اور بھائی چارگی میں اضافے کا باعث بنے گا-

image


عیدی اور تحائف
عیدالفطر کی سب سے خصوصی چیز “ عیدی “ ہوتی ہے- عید کی نماز ادا کرنے کے بعد اپنے چھوٹے اور بزرگوں دونوں کو ہی عیدی یا تحائف ضرور دیجیے- ضروری نہیں ہے کہ آپ عیدی کے لیے بہت بڑی رقوم کا انتخاب کریں جو آپ کو خود پریشانی میں مبتلا کردے بلکہ آپ اپنی استطاعت کے مطابق بھی اپنے اہلِ خانہ میں یہ خوشی تقسیم کرسکتے ہیں- تاہم اس موقع پر گھر کے ملازمین اور دیگر افراد کو بھی یاد رکھیں اور انہیں بھی عیدی دے کر اپنی اس خوشی میں شامل کیجیے-

image


ناراض رشتے داروں کو منائیے
عید ناراض رشتے داروں اور دوستوں کو منانے کا بہترین موقع ہے- آپ کسی کا انتظار مت کیجیے اور خود آگے بڑھ کر ناراض دوستوں یا رشتے داروں کو راضی کیجیے اور آپس کی غلط فہمیوں کو دور کرلیجیے- اﷲ تعالیٰ اس عمل سے انتہائی خوش ہوتا ہے اور ایسے مسلمانوں کے گناہ معاف فرما دیتا ہے جو ایک دوسرے کو معاف کردیتے ہیں اور صرف اﷲ کی رضا کے لیے ایک دوسرے سے ملتے ہیں- آپ اگر آگے بڑھ کر کسی ناراض دوست کو گلے لگائیں گے تو اس سے نہ صرف آپ کی عزت و احترام اضافہ ہوگا بلکہ آپ کی یہ عید بھی ہمیشہ کے لیے یادگار بن جائے گی-

image


پکنک یا کھانے کا پروگرام
چونکہ عید کے موقع پر تین یا چار روز کی چھٹیاں ضرور میسر آتی ہیں تو آپ کو چاہیے کہ اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے کسی ایک دن اپنے گھر والوں کو کھانے پر باہر لے جائیے اور کچھ وقت ان کے ساتھ گزاریے- اس کے علاوہ اکثر لوگ اس موقع پر پکنک کا پروگرام بھی بنالیتے ہیں جو کہ انتہائی پرلطف رہتا ہے- اور یہ ایک بہترین موقع بھی ہوتا ہے کہ عید کے ان دنوں تمام رشتے دار یا دوست وغیرہ ایک ہی جگہ پر مل جاتے ہیں-

image


عید ہماری ویب کے ساتھ
اگر آپ عید کے دن گھر پر کسی مہمان کا انتظار کر رہے ہیں تو انتظار کی کوفت سے بچنے کے لیے ہماری ویب کے ساتھ منسلک ہوجائیے- یہاں آپ مختلف دلچسپ اور معلوماتی آرٹیکل٬ شاعری٬ مزاحیہ ویڈیو اور مزیدار کھانوں کی تراکیب دیکھ سکتے ہیں- یوں آپ کا یہ وقت ضائع ہونے کے بجائے انمول ہوجائے گا اور آپ کی معلومات میں اضافے کے باعث بن جائے گا-

image
YOU MAY ALSO LIKE:

The most awaited day of the year, Eid ul Fitr has finally arrived. Welcome the dawn of Eid in your city with open arms and praise Almighty Allah for the unlimited blessings. For most of us Eid means “party”! To dress up nicely, collect Eidi, have a family dinner and hang out with friends. Is that enough? Not really! We all have heard of the “Mazhabbi Josh o Jazba” on TV but most of us are unaware of it in real terms.