کراچی: نئی ایورسٹ مویشی منڈی کے خوبصورت جانور اور منفرد سہولیات

آج کل ہر گلی ہر محلے میں آپ کو قربانی کے جانوروں اور ان کے ساتھ مصروف بچوں اور بڑوں کا شور سنائی دے گا جس کی وجہ یقیناً عیدالاضحیٰ کی آمد ہے- کوئی مویشی منڈی جانور خریدنے جارہا ہے تو کوئی وہاں سے مسکراتے چہرے کے ساتھ جانور خرید کر لا رہا ہے- ہر طرف اسی سے ملتی جلتی صورتحال دکھائی دیتی ہے-
 

image


کراچی کے شہریوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری یہ ہے کہ رواں سال کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر ایک نہیں بلکہ دو مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں- آپ سپر ہائی وے پر ہر سال قائم کی جانے والی مویشی منڈی سے تو واقف ہی ہوں گے جسے ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے-

لیکن اب پرانی مویشی منڈی سے کچھ فاصلے پر ہی ایک نئی مویشی منڈی بھی قائم کی گئی ہے جو تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہے- جس کی وجہ اس نئی مویشی منڈی میں لائے جانے والے خوبصورت جانور٬ ان کی مناسب قیمت اور یہاں کے منفرد انتظامات ہیں-
 

image


نئی قائم کی جانے والی اس مویشی منڈی کو ایورسٹ مویشی منڈی کا نام دیا گیا ہے اور یہ 950 ایکڑ کے وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی ہے-

ایورسٹ مویشی منڈی کراچی کے سپر ہائی وے پر قائم کی جانے والی پرانی اور روایتی مویشی منڈی سے تقریباً 13 کلومیٹر کے فاصلے پر وادی حسین قبرستان کے قریب قائم کی گئی ہے- اس نئی مویشی منڈی میں ساڑھے چار لاکھ جانور رکھنے کے انتظامات موجود ہیں-
 

image


یہ مویشی منڈی ایورسٹ انٹرنیشنل کمپنی اور عسکری ہاؤسنگ سوسائٹی کے باہمی تعاون سے قائم کی گئی ہے اور اس میں بیوپاریوں اور خریداروں دونوں کے لیے ہی ہر قسم کی سہولیات کی دستیابی کو مدنظر رکھا گیا ہے-

یہاں پانی٬ جنریٹر٬ چارجڈ پارکنگ اور اعلیٰ سیکورٹی کے انتظامات سمیت ہر بنیادی سہولت مہیا کرنے کی کوشش کی گئی ہے- اس مویشی منڈی کا صاف ستھرا ماحول دیکھ کر قربانی کے جانوروں کو دیکھنے کا شوق رکھنے والی فیملیز بھی بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کر رہی ہیں-
 

image

ایورسٹ مویشی منڈی میں آنے والے خریداروں اور فیملیز کے لیے ایک چھوٹا سا پارک بھی قائم کیا گیا ہے-اس کے علاوہ اگر کوئی خریدار یا فیملی وغیرہ اپنی گاڑی میں مویشی منڈی کی سیر کرنا چاہتا ہے تو اس کی بھی اجازت ہے- تاہم یہ سہولت حاصل کرنے کے لیے مویشی منڈی کی انتظامیہ کو 300 روپے کی فیس ادا کرنا ہوگی-

بڑے پیمانے پر قائم ہونے والی ایک اور مویشی منڈی کے قیام نے خریداروں کے لیے جانور کے انتخاب میں آسانی پیدا کر دی ہے جس کی ایک وجہ اس نئی منڈی میں جانوروں کی قیمتوں کا کم ہونا بھی ہے- اس نئی منڈی میں موجود جانوروں کی قیمتوں میں سہراب گوٹھ کی پرانی مویشی منڈی میں موجود جانوروں کی قیمتوں کے مقابلے میں واضح فرق پایا جاتا ہے-
 

image

ایورسٹ مویشی منڈی میں بیوپاریوں کو جانوروں کے لیے ایک وقت کا پانی مفت فراہم کیا جارہا ہے جبکہ منڈی کی انتظامیہ بیوپاریوں سے بڑے جانور کے 1 ہزار روپے جبکہ چھوٹے جانور یعنی بکرے وغیرہ کے 600 روپے وصولتی ہے- یہ رقم بھی جانور کے فروخت ہونے کے بعد وصولی جاتی ہے یعنی بیوپاری کو ہر جانور کے لیے پیشگی رقم ادا نہیں کرنی-

اس کے علاوہ بیوپاری کو جانور کھڑے کرنے کے لیے کسی جگہ کے کرائے کی مد میں بھی کوئی رقم ادا نہیں کرنی پڑے گی-
 

image

سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ ایورسٹ مویشی منڈی صرف عیدالاضحٰی کے موقع کے لیے منعقد نہیں کی گئی بلکہ یہ منڈی سال کے بارہ مہینے قائم رہے گی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلد ہی کراچی کے علاقے ملیر میں قائم کی جانے والی مویشی منڈی کو بھی اس نئی منڈی میں ضم کر دیا جائے گا-
 

YOU MAY ALSO LIKE:

Everest is the new cattle farm in Karachi located in Super Highway, covering the area of 950 acres. This new cattle farm is getting immense popularity due to distinctive facilities offered to the visitors. Animals present in the farm are healthy & beautiful, and are available in affordable prices.