کرکٹ ورلڈ کپ 2019: مورگن کی 17 چھکوں سے مزین سنچری، انگلینڈ 397 رنز بنانے میں کامیاب

مانچسٹر میں کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف اوئن مورگن کی جارحانہ سنچری اور جو روٹ اور جونی بیئرسٹو کی نصف سنچریوں کی بدولت اس ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مجموعہ بنایا ہے۔ AFP

انگلینڈ اور ویلز میں کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں آج مانچسٹر میں ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ نے افغانستان کو کامیابی کے 398 رنز کا ہدف دیا ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل افغانستان نے 11 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 51 رنز بنائے تھے۔ اس وقت کریز پر گلبدین نائب اور رحمت شاہ موجود ہیں۔

افغانستان کی جانب سے نور علی زدران اور گلبدین نائب نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم دوسرے اوور میں ہی نور علی زدران بغیر کوئی رن بنائے جوفرا آرچر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے قبل انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے جن میں سے آخری دس اوور میں 142 رنز بنے۔

انگلش اننگز کی خاص بات کپتان اوئن مورگن کی جارحانہ بلے بازی اور شاندار سنچری تھی۔ انھوں نے 148 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 17 چھکے شامل تھے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

انھوں نے اپنی سنچری 57 گیندوں پر مکمل کی جو کہ ورلڈ کپ مقابلوں کی چوتھی تیز ترین سنچری ہے۔

ان سے قبل کسی ون ڈے اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ روہت شرما اور ابراہم ڈی ویلیئرز کے پاس تھا جنھوں نے 16، 16 چھکے لگائے تھے۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیمز ونس اور جونی بیئرسٹو نے محتاط انداز میں میں اننگز کا آغاز کیا تاہم جیمز ونس دسویں اوور میں 44 کے مجموعی سکور پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

Reuters

انھیں دولت زدران کی گیند پر مجیب الرحمان نے کیچ کیا۔ اس کے بعد بیئرسٹو اور جو روٹ نے 120 رنز کی شاندار شراکت قائم کی جس کے بعد بیئرسٹو 90 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ان کی جگہ آنے والے اوئن مورگن نے کریز پر آ کر افغانستان کے بولرز کو مشکل میں ڈال دیا۔ انھوں نے جو روٹ کے ساتھ 189 رنز کی شراکت قائم کی۔

اننگز کے آخری مرحلے میں جو روٹ ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری سنچری مکمل نہ کر سکے اور 88 پر آؤٹ ہو گئے۔ جس کے تھوڑی دیر بعد ایون مورگن 148 کے سکور پر آؤٹ ہوئے۔

جوس بٹلر اور بین سٹوکس کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور دونوں دو، دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تاہم معین علی نے آخری مراحل میں نو گیندوں پر 31 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 397 رنز تک پہنچا دیا۔

یہ بھی پڑھیے

اولڈ ٹریفرڈ سے ہم نے کیا سیکھا

پاکستانی اشتہار میں ابھینندن کے مذاق پر انڈین شائقین ناراض

ورلڈ کپ 2019 میں آخر بیلز کیوں نہیں گر رہیں؟

اس ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے اب تک چار میچ کھیلے ہیں جن میں سے تین میں وہ کامیاب رہے ہیں اور ان کے چھ پوائنٹس ہیں۔ انھوں نے جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، اور ویسٹ انڈیز کو ہرایا ہے جبکہ پاکستان کے ہاتھوں انھیں شکست کھانا پڑی۔

AFP

افغانستان نے بھی اب تک اس ورلڈ کپ میں چار میچ کھیلے ہیں تاہم انھیں تمام میں شکست ہوئی۔ انھوں نے اب تک آسٹریلیا، سری لنکا، نیوزی لینڈ، اور جنوبی افریقہ کا سامنا کیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم کے حوالے سے توقع کی جا رہی ہے کہ جیسن روئے انجری کی وجہ سے نہیں کھیلیں گے۔

ادھر افغانستان کی ٹیم بھی مشکلات کا شکار رہی ہے۔ توقع تو نجیب اللہ زدران کی واپسی کی ہے مگر ٹیم مینجمنٹ کے کچھ حالیہ فیصلوں (جیسے جنوبی افریچہ کے خلاف انھیں نہ کھلانا) کی سمجھ نہیں آ رہی۔

آج کے میچ میں افغان صدر اشرف غنی اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عزیز اللہ فزلی بھی میدان میں موجود ہیں۔

https://twitter.com/ACBofficials/status/1140931333226717184


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.