اُردو کے معروف شاعر حمایت علی شاعر انتقال کر گئے

کراچی — 

اردو کے مشہور شاعر، ادیب اور نغمہ نگار حمایت علی شاعر دل کا دورہ پڑنے سے کینیڈا میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 93 برس تھی۔

حمایت علی شاعر کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مقیم تھے اور کچھ عرصے سے بیمار تھے۔ ان کی تدفین کینیڈا میں ہی ہوگی۔

حمایت علی بھارت کے شہر اورنگ آباد میں 14 جولائی 1926 کو پیدا ہوئے اور 1951 میں پاکستان آنے کے بعد کراچی میں رہائش اختیار کی۔ انہوں نے سندھ یونیورسٹی سے ایم اے کرنے کے بعد کراچی میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیے۔

اردو شاعری میں حمایت علی شاعر کا ایک کارنامہ تین مصرعوں پر مشتمل ایک نئی صنفِ سخن "ثلاثی" کی ایجاد ہے۔

حمایت علی شاعر ایک نامور مصنف، نغمہ نگار اور صدا کار تھے اور ریڈیو ڈراموں میں بھی اپنی ایک منفرد پہچان رکھتے تھے۔ ان کے کئی گیت زبان زدِ عام ہوئے۔

ان کا پہلا مجموعۂ کلام پھول کے نام سے 1956 میں شائع ہوا تھا جسے 1958 میں صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہیں فلم آنچل اور دامن کے گانوں کے لیے بہترین نغمہ نگار کے دو نگار ایوارڈ بھی ملے۔

شکست آرزو، حرف حرف روشنی، عقیدت کا سفر، آئینہ در آئینہ، تجھ کو معلوم نہیں، کھلتے کنول سے لوگ، محبتوں کے سفیر، مٹی کا قرض، تشنگی کا سفر اور ہارون کی آواز ان کی مشہور تصانیف ہیں۔ انہوں نے 2007 میں اپنی تمام شاعری کو یکجا کر کے کُلیات شاعر کے نام سے شائع کیا تھا۔

حمایت علی شاعر کو ان کی ادبی خدمات کے عوض 2002 میں تمغۂ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.