آصف زرداری، فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 ستمبر تک توسیع

اسلام آباد: (19 اگست 2019) احتساب عدالت نے آصف علی زرداری اورفریال تالپورکے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 ستمبر تک توسیع کردی۔ سابق صدر نے جیل والوں کی شکایت کرتے ہوئے اے کلاس دینے کی استدعا کی۔ ان کی ہمشیرہ نے قرآنی آیات سننے کےلیے آئی پوڈ رکھنے کی اجازت مانگ لی۔ نیب نے فریال تالپور کے راہداری ریمانڈ کی درخواست پرجواب جمع کرادیا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹراور جج کے درمیان تلخی بھی ہوئی۔

میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس میں جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ دوران سماعت آصف علی زرداری نے کہا کہ جیل والے بہت تنگ کرتے ہیں۔نماز بھی نہیں پڑھنے دیتے۔ عدالت میں ملزم اسلم مسعود کا نام پکارے جانے پرسابق صدر نے کہا کہ نوے سال کے بوڑھے آدمی کو اٹھا کر جیل میں ڈال رکھا ہے۔ آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے سابق صدر کی بیماریوں کا ذکر کرتے ہوئے اے کلاس دینے کی استدعا کی۔

فریال تالپور کی راہداری ریمانڈ کی درخواست پر نیب نے عدالت میں اپنا جواب جمع کروا دیا۔ فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے ایک بار پھر راہداری ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ آج سے سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہو رہا ہے، فریال تالپور نے اجلاس میں شریک ہونا ہے۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے نئی درخواستوں پر موقف سننے کی بات کی تو جج محمد بشیر نے کہا کہ جب آپ کہہ چکے ہیں کہ یہ آپ سے متعلقہ معاملہ نہیں تو موقف کیوں سنیں؟ نیب پراسیکیوٹر بولے آپ کیسی بات کررہے ہیں؟ نیب ٹیم آفیسرز آف دی کورٹ ہے۔ عدالت کو موقف سننا ہوگا۔ جج محمد بشیر نے سردار مظفر کے اونچی آواز میں بولنے پر برہمی کا اظہار کردیا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے معافی مانگ لی۔

پارک لین ریفرنس میں ملزمان یونس قدوائی، اقبال میمن اورعزیرنعیم کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے تفتیشی افسر نے بتایا کہ تینوں ملزمان کافی عرصے سے کینیڈا میں ہیں۔ جج نے کہا کہ لکھ کردیں زبانی نہ بتائیں تھانے کے ایس ایچ اوز بہت تیز ہوتے ہیں۔ فوراً بتا دیتے ہیں کہ بندہ نہیں مل رہا۔ ملزم باہر ہیں تو واپس کیسے لائیں گے؟؟تفتیشی افسر بولے ریڈوارنٹ جاری کرا کے وہاں سے کارروائی کرائیں گے۔ پارک لین ریفرنس میں نامزد 17 ملزمان میں سے 11 کو ریفرنس کی نقول فراہم کردی گئیں۔ عدالت نے سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.