کراچی …… ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے20اگست سے ضمنی امتحانات 2019کیلئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے بتایا کہ میٹرک سائنس اور جنرل
گروپ ریگولر وپرائیویٹ سالانہ امتحانات 2019 کے پرچوں میں فیل ہو جانے والے طلباء و
طالبات ضمنی امتحانات کیلئے فارم بغیر لیٹ فیس کے 20اگست سے5 ستمبر تک جمع کرا سکتے
ہیں۔تفصیلات کے مطابق تمام ریگولر طلباء و طالبات اپنے امتحانی فارم اپنے تعلیمی
ادارے کے توسط سے جمع کرائیں گے ،تاہم پرائیویٹ طلباء وطالبات اپنے فارم متعلقہ
بینکوں میں ذاتی طور پر جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے بعد شیڈول کے مطابق لیٹ فیس کے
ساتھ امتحانی فارم 12ستمبر سے18ستمبر تک200روپے، 19ستمبر سے 25ستمبر تک 500روپے
اور26ستمبر سے یکم اکتوبر تک 1200روپے لیٹ فیس کے ساتھ جمع کرا سکتے ہیں۔ اس ضمن
میں یہ بھی واضح کیا جاتاہے کہ فیسوں کی وصولی کی تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع
نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ تمام طلباء وطالبات اپنے امتحانی فارم لازمی
متعلقہ سیکشن سے تصدیق کرانے کے بعد ہی جمع کرائیں۔ فارم نیشنل بینک، حبیب بینک،
عسکری کمرشل ، یونائیٹڈ بینک بوتھ بورڈ آفس کی برانچوں سے حاصل کرکے وہیں جمع کرا
سکتے ہیں۔