ایودھیا کیس: بابری مسجد، رام مندر تنازع کا فیصلہ

انڈیا کی سپریم کورٹ اترپردیش کے شہر ایودھیا میں بابری مسجد اور رام مندر کے طویل تنازعے کا فیصلہ سنا رہی ہے اوراس موقع پر ایودھیا اور پورے ملک میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

انڈیا کی سپریم کورٹ ایودھیا کی بابری مسجد-رام مندر تنازع کا فیصلہ کچھ ہی دیر میں سنانے والی ہے۔ سپریم کورٹ کے ارد گرد سکیورٹی کا حصار بنا دیا گیا ہے۔ کورٹ کے احاطے کے سامنے بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی ٹی وی چینلوں اور اخبارات کے نمائندے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔

فیصلے کی گھڑی آ چکی ہے بس اب فیصلے کا انتظار ہے۔

مندر مسجد کے اس پرانے تنازعے کا فیصلہ سپریم کورٹ کی ایک پانچ رکنی آئینی بنچ کرے گی۔ اس بنچ کی صدارت چیف جسٹس رنجن گوگئی کر رہے ہیں۔ باقی چار ججوں میں جسٹس شرد اردون بوبڈے، جسٹس اشوک بھوشن، جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس ایس عبدالنظیر شامل ہیں۔

فیصلہ آنے سے سے قبل ایودھیا اور پورے ملک میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ایودھیا میں متنازع مقام سمیت اہم عبادت گاہوں کی حفاظت کے لیے سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ کئی مقامات پر انسداد دہشت گردی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔

ایودھیا میں دفعہ 144 کے تحت حکم امتناعی نافذ کر دیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پیغامات سے دور رہیں۔

سپریم کورٹ نے اس کیس کی سماعت 16 اکتوبر 2019 کو مکمل کر لی تھی۔

BBCمسلمانوں کا موقف رکھنے والے وکیلوں کی ٹیم

چیف جسٹس رنجن گوگئی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا ایک پانچ رکنی بنچ سنیچر کو انڈیا کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے مندر مسجد کے اس طویل تنازعے کا فیصلہ سنائے گا۔ جسٹس گوگئی نے جمعے کو اتر پردیش کے چیف سکریٹری اور اعلیٰ پولیس اہکاروں سے ریاست کی امن و امان کی صورتحال پر ملاقات کی تھی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے مثبت پیغامات دینے کے لیے مذہبی رہنماؤں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو کسی کی جیت اور کسی کی ہار کی شکل میں نہ دیکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیے

بابری مسجد کیس: کب کیا ہوا؟

’صرف بابری مسجد ہی نہیں بلکہ بہت کچھ ٹوٹا‘

انڈین سپریم کورٹ کی تاریخ کا ’مشکل ترین مقدمہ‘

بابری مسجد کی کہانی، تصویروں کی زبانی

Getty Imagesسنہ 1992 میں انہدام سے قبل بابری مسجد

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ عدالت کا جو بھی فیصلہ ہو اسے قبول کریں اور ہر قیمت پر ریاست میں امن بر قرار رکھیں۔ انھوں نے اپنی اپیل میں کہا کہ ’امن برقرار رکھنے کی ذمہ داری اجتماعی طور پر سبھی کی ہے‘۔

ریاست میں احتیاطی طور پر سنیچر سے پیر تک سبھی سکول اور کالجز اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔یو پی پولیس نے کئی شہروں میں فلیگ مارچ کیا ہے۔ ریاستی پولیس کے سربراہ اوم پرکاش سنگھ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ریاستی پولیس عدالت کا فیصلہ آنے سے قبل گزشتہ کئی روز سے مختلف برادریوں سے کمیونٹی میٹنگ کر رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس کے ماہرین سوشل میڈیا پر خاص طور پر نظر رکھ رہے ہیں۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گوگئی سترہ نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔

حکومت نے گذشتہ دنوں مسلم اور ہندو مذہبی رہنماؤں کی ایک میٹنگ طلب کی تھی جس میں ان سے درخواست کی گئی کہ وہ ملک میں امن وامان برقرا ر رکھنے کی اپیل کریں۔ ہندو نظریاتی تنظیم آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے بھی حال میں مسلم رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔

ہندو تنظیموں نے بھی اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ اگر فیصلہ ان کے حق میں آتا ہے تو وہ کوئی جشن نہ منائیں اور نہ ایسا کوئی بیان دیں جس سے کسی دوسرے فرقے کو تکلیف پہنچے اور اگر فیصلہ مندر کے حق میں نہیں آتا تو وہ حکومت پر بھروسہ رکھیں۔

تاریخی حیثیت

مغل بادشاہ ظہیرالدین محمد بابر کے نام سے منسوب بابری مسجد ایودھیا میں سنہ 1528 میں ایک مقامی فوج کے کمانڈر نے بنوائی تھی۔

بہت سے ہندوؤں اور ہندو مذہبی رہنما‌‍‌‌ؤں کا دعویٰ ہے کہ کہ بابر نے یہ مسجد ایودھیا میں ان کے بھگوان رام کے پہلے سے قائم ایک مندر کو توڑ کر اس کی جگہ تعمیر کروائی تھی۔

ان کا ماننا ہے کہ بابری مسجد کے مقام پر ہی بھگوان رام کی پیدائش ہوئی تھی اور اس لیے مسجد کی زمین کی ملکیت مندر کی ہے۔

یہ تنازع 19ویں صدی میں انگریزوں کے دورِ حکمرانی میں سامنے آیا تھا لیکن پہلی بار یہ کیس سنہ 1885 میں فیض آباد کے کمشنر کی عدالت میں پیش ہوا۔

اس وقت کمشنر نے مسجد اور اس کے احاطے پر ہندوؤں کے ملکیت کے دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔

آزادی کے بعد دسمبر 1949 کی ایک رات بابری مسجد کے درمیانی گنبد کے نیچے مبینہ مندر کے مقام پر بگھوان رام کی مورتی رکھ دی گئی۔

کشیدگی کے ماحول میں اس مسجد پر تالا لگا دیا گیا اور وہاں نماز پڑھنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ مقامی مسلمانوں نے مسجد میں مورتی رکھے حانے کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کرائی اور وہاں سے مورتی ہٹانے کا مطالبہ کیا اور اس کے بعد ہندوؤں نے بھی مسجد کی زمین پر ملکیت کا مقدمہ دائر کیا۔

سنہ 1980 کے عشرے کے اواخر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینیئر رہنما ایل کے ایڈوانی کی قیادت میں آر ایس ایس سے وابستہ وشوا ہندو پریشد کے توسط سے بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر کی تحریک شروع ہوئی۔

چھ دسمبر 1992 کو اسی تحریک کے تحت ایودھیا میں جمع ہونے والےہزاروں ہندوؤں کے ایک ہجوم نے بابری مسجد کو منہدم کر دیا اور اس منہدم مسجد کے منبر کے مقام پر دوبارہ مورتیاں نصب کر دیں گئیں اور وہاں ایک عارضی مندر بنا دیا گیا۔

اس وقت سپریم کورٹ نے اس متنازع مقام کے حوالے سے حکم امتناعی جاری کیا تاکہ حالات مزید کشیدہ ہونے کے بجائے جوں کے توں رہیں۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.