کرتارپور راہداری: ’ہم نے نفرتوں کو مٹانے کی کوشش کی‘

کرتارپور راہداری کا باضابطہ افتتاح کے حوالے سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بی بی سی سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ کرتار پور راہداری کی تعمیر پاکستان کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام ہے۔
پاکستان
BBC
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

دنیا بھر میں سکھ برادری کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک، کرتار پور میں موجود گرودوارہ دربار صاحب کرتار پور کی نئے سرے سے تعمیر اور انڈین یاتریوں کے لیے تیار کی گئی راہدرای کا باضابطہ طور پر افتتاح سنیچر نو نومبر کو ہوگا۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسی حوالے سےبی بی سی کے نمائندے عمر دراز سے خصوصی گفتگومیں بات کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور راہداری کی تعمیر پاکستان کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام ہے۔

’ہم نے تو ایک شاہراہ بنائی ہے جس میں محبت کو پروگیا گیا ہے۔ ہم نے تو نفرتوں کو مٹانے کی کوشش کی ہے۔'

اسی بارے میں مزید پڑھیے

’تمام مذاہب کے انڈین کرتار پور کے راستے سفر کر سکتے ہیں‘

گرودوارہ کرتارپور:3 کلومیٹر کا فاصلہ،7 دہائیوں کی مسافت

’سکھوں کے لیے پاسپورٹ، فیس کی شرط معاف‘

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امن بحال کرنے کی متعدد کوششوں پر انڈیا کی جانب سے کوئ مثبت جواب نہ ملا۔

’جس دن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت معرض وجود میں آئی تو وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ آپ امن کی طرف ایک قدم اٹھائیں، ہم دو اٹھائیں گے۔ لیکن جواب کیا ملا؟ محاظ آرائی، طنزیہ جملے، اور پھر ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی۔'

کرتارپور راہدرای کی افادیت کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری کی طرف پیش قدمی تو پاکستان کی طرف سے تھی۔

'انڈیا اگر امن چاہتا ہے تو وہ پھر کشمیر پر اپنی پالیسی تبدیل کرے۔ ہمیں یہ پالیسی قبول نہیں ہے۔ انھوں نے جو اقدامات اٹھائے ہیں انھیں تو کوئی کشمیری نہیں مانتا ہے نہ پاکستان قبول کرتا ہے۔ وہ کشمیری جو آج تک رنگا اٹھاتے تھے آج وہ تیار ہیں؟ ہرگز نہیں۔ آج کوئی قابل ذکر کشمیری رہنما انڈیا کے بیانیے کے ساتھ نہیں کھڑا ہے اور یہ سوچنے کی بات ہے کہ ایسا کیوں ہے۔'

لاہور
Getty Images
پاکستان نے کرتارپور راہداری کا منصوبہ صرف دس ماہ میں مکمل کر لیا

سکھ یاتریوں سے لیے جانے والی فیس کے سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس کا مقصد مالی فائدہ اٹھانے کا نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ گردوارے کی تعمیر پر اربوں روپے خرچ ہوئے اور اس کی دیکھ بھال اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے فنڈز درکار ہوں گے۔

'ہم تو ایک سروس فراہم کر رہے ہیں اور اس کے عوض فیس لے رہے ہیں۔ اور 20 ڈالر بھی کوئی رقم ہے؟ لوگ تو ہنسی خوشی دینے کو تیار ہیں۔ اس سے زیادہ دینے کو تیار ہیں۔ آپ امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا سے آنے والے سکھوں سے رابطہ کریں۔ وہ تو یہاں پر سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہیں۔ بات پیسے بنانے کی نہیں ہے، معیار کو برقرار رکھنے کی ہے۔'

انڈیا میں کرتارپور راہداری کے بارے میں کئی شکوک اٹھائے جا رہے ہیں کہ اس کا مقصد خالصتان کی مہم کو پروان دینا ہے۔ اس بارے میں کیے گئے سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اس بارے میں کبھی کچھ نہیں کہا اور نہ ہی کوئی ارادہ ہے۔

'وہ اپنے سائے سے گھبرانا شروع کر دیں یا ان کی نیت میں فتور ہو تو اس کا علاج پاکستان نہیں کر سکتا۔ ہم اگر اقتصادی راہداری بناتے ہیں سی پیک کی شکل میں تو اس کو کوئی اور رنگ دے دیا جاتا ہے۔ ہم اگر مذہبی زیارتوں کے لیے راہداری بنائیں تو اس پر شک و شبہ پیدا کر دیتے ہیں۔ چاہتے کیا ہیں؟'

لاہور
Getty Images
انڈیا سے سکھ یاتریوں کا آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انڈیا نے کرتار پور پر بھی بات بادل نخواستہ مانی ہے۔

'ہم نے تو صرف ایک آسانی پیدا کی ہے اور اس سے دنیا بھر میں موجود سب سکھ خوش ہوئے ہیں، تو اس سے آپ کو اعتراض کیا ہے؟'

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے دس پندرہ سالوں میں دہشت گردی کی جنگ کی وجہ سے بہت نقصان اٹھایا ہے لیکن اب دنیا واپس پاکستان کی طرف مائل ہو رہی ہے اور ان کی حکومت چاہتی ہے کہ وہ مذہبی سیاحت کو فروغ دے۔

'ہم نے ویزا پالیسی میں نرمی لائی ہے۔یہ جو ہمارے پاس گندھارا تہذیب کے آثار ہیں، سٹوپا ہیں، ہم نے بدھ مت کے ماننے والوں کے لیے سیاحت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے میٹنگز بھی کی ہیں۔ ہم تو مذہبی سیاحت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔'

کرتارپور
Getty Images

کرتارپور راہدرای کے بارے میں اہم معلومات

* کرتارپوری راہدرای کا افتتاح کب ہے؟راہداری کا افتتاح بروز سنیچر، نو نومبر کو ہوگا۔

* کیا کرتارپور راہداری استعمال کرنے کے لیے ویزا ضروری ہے؟اس راہداری کو استعمال کرنے والوں کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہے۔

*اسے استعمال کرنے کے لیے کتنی فیس متعین کی گئی ہے؟راہداری استعمال کرنے کی فیس 20 ڈالر ہے۔ البتہ وہ یاتری جو نو یا 12 نومبر کو جائیں گے ان کے لیے کوئی فیص نہیں ہے۔ یاد رہے کہ 12 نومبر گرو نانک جی کی 550ویں یوم پیدائش ہے۔

* بیس ڈالر کی رقم انڈین روپے میں کتنی بنتی ہے؟تقریباً 1400 روپے۔

* کیا راہداری استعمال کرنے کے لیے پاسپورٹ لے جانا ضروری ہے؟آن لائن درخواست بھرتے ہوئے پاسپورٹ ضروری ہے۔ پاکستان وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاسپورٹ ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہے اور صرف کوئی بھی تصویری شناخت کی دستاویز کافی ہوگی۔

* کرتارپور راہداری تیار کرنے کے لیے پیسے کس نے دیے؟دونوں حکومتوں نے اپنی اپنی طرف تیاری کے لیے رقم خرچ کی ہے۔

*کرتارپور کیسے جایا جا سکتا ہے؟کرتارپور جانے کے لیے ویب سائٹ https://prakashpurb550.mha.gov.inاستعمال کرنی ہوگی جہاں یاتری خود کو درج کرا سکتے ہیں۔

کرتارپور
Getty Images

*انڈیا میں ڈیرہ بابا نانک سے پاکستان میں دربار صاحب کرتارپور تک کا فاصلہ کتنا ہے؟یہ فاصلہ ساڑھے چار کلومیٹر ہے۔

* کرتارپور گردوارے کی اہمیت کیا ہے؟کہا جاتا ہے کہ سکھ مذہب کے بانی، گرو نانک سنہ 1522 میں کرتار پور آئے تھے اور اپنی زندگی کے آخری 18 برس انھوں نے یہیں بتائے تھے۔ یہ مانا جاتا ہے کہ جس جگہ گرو نانک دیو کا انتقال ہوا تھا وہیں پر گردوارا تعمیر کیا گیا تھا۔

  • پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرتارپور راہداری سے متعلق کیا معاہدہ طے پایا ہے؟کسی بھی مذہب سے منسلک انڈین شخص بغیر ویزا کہ کرتارپور جا سکتا ہے۔
  • یہ راہداری سارا سال کھلی رہی گی۔
  • انڈین وزارت خارجہ انڈین یاتریوں کی فہرست پاکستان کو ان کے سفر سے دس روز قبل دے گی۔
  • ہر یاتری کو 20 ڈالر کی فیس ادا کرنی ہوگی جو کہ تقریباً 1400 انڈین روپے بنتے ہیں۔
  • روزانہ 5000 یاتری اس راہداری کو استعمال کر سکتے ہیں۔
  • فی الوقت ایک عارضی طور پر تعمیر کیا گیا پل استعمال ہو رہا ہے لیکن آنے والے وقتوں میں ایک مستقل پل قائم کیا جائے گا۔
  • یاتریوں کو سفر کرنے کے لیے خود کو ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹر کرانا ہوگا جس کے بعد ان کی درخواست کی منظوری کی خبر انھیں چار دن میں دی جائے گی۔

 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.