لتا منگیشگر انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل، اب حالت بہتر ہے

ویب ڈیسک — بھارت کی عظیم گلوکارہ لتا منگیشکر کو سینے میں تکلیف اور سانس لینے میں دشواری کے سبب پیر کو علی الصبح ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں ان کا علاج جاری ہے۔

لتا منگیشکر کے خاندان کا کہنا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

90 سالہ لتا منگیشکر کو سینے میں تکلیف بڑھنے کے باعث آج صبح دو بجے اسپتال لایا گیا جہاں ماہرین قلب ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔ ان کے خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر زیادہ ہونے کے باعث انہیں احتیاطی طور پر فوری اسپتال پہنچایا گیا۔

لتا منگیشکر نے بھارت کی لگ بھگ 36 زبانوں میں لاتعداد گیت گائے ہیں۔ انہیں 2001 میں بھارت کے سب سے بڑے سول ایوارڈ ’’بھارت رتنا‘‘ سے نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ دا دا صاحب پھلکے ایوارڈ اور فرانس کا سب سے بڑا شہری اعزاز ’’آفیسر آف دی لیجن آف آنر‘‘ بھی حاصل کر چکی ہیں۔

دنیا بھر میں سب سے زیادہ گیت گانے کا ریکارڈ رکھنے کے ساتھ ان کا نام 1974 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے 1948 سے 1974 کے دوران 25,000 سے زائد گیت گائے۔

عمر رسیدہ ہونے کے باوجود لتا منگیشکر سوشل میڈیا پر کافی فعال ہیں اور انہوں نے اتوار کے روز ایک ٹوئٹ میں اداکارہ پدمنی کوہلی کے لئے ان کی نئی فلم ’’پانی پت‘‘ پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.