واشنگٹن —
سمارٹ فون نے انسانی زندگی میں جہاں آسانیاں پیدا کی ہیں وہاں اس سے کچھ مسائل نے بھی جنم لیا ہے، جن میں سے کئی ایک انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں۔
آپ کو یہ جان کر یقیناً تشویش ہوگی کہ 2013 میں سمارٹ فونز نےصرف امریکہ میں 4109 زندگیوں کو نگل لیا۔ اس سے دو سال پہلے سمارٹ فون کے استعمال کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4432 تھی جب کہ اسی عرصے میں 69000 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔
اس سلسلے میں تازہ اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر حادثے نیویارک، لوس اینجلس اور شکاگو میں ہوئے کیونکہ ان گنجان آباد شہروں میں پیدل چلنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
اوہائیو سٹیٹ یونیورسٹی میں ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مہلک حادثوں کا شکار ہونے والوں کی عمریں 16 سے 25 سال کے درمیان تھیں۔ اسی سلسلے میں نیویارک کی سٹونی بروک یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق پیدل چلتے ہوئے سمارٹ فون کی سکرین استعمال کرنے کی صورت میں راستہ بھٹک کر سڑک پر آنے کا امکان 61 فی صد ہوتا ہے۔
