مسلسل تاخیر کے بعد پاکستانی فٹبال ٹیم کی تاجکستان روانگی آج متوقع

image
فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز راؤنڈ 2 کے میچ کے لیے پاکستان کی فٹبال ٹیم آج صبح تاجکستان روانہ ہو گی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے پیر کو جاری کردہ بیان کے مطابق ’وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی سے قومی ٹیم کی تاجکستان روانگی آج متوقع ہے۔‘

بیان کے مطابق ’قومی فٹبال ٹیم پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز سے اسلام آباد سے  علی الصبح دوشنبہ روانہ ہو گی۔‘

یہ فلائٹ نور خان ایئربیس راولپنڈی سے اڑان بھرے گی۔

خیال رہے کہ قومی فٹ بال ٹیم کی تاجکستان روانگی پیر کو اس وقت ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگئی تھی جب چارٹرڈ فلائٹ تکنیکی خرابی کی وجہ سے منسوخ کی گئی۔ 

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے پہلے بتایا گیا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے لاہور سے دوشنبہ کی پرواز کا بندوبست کر دیا گیا ہے۔تاہم بعد میں اس حوالے سے بتایا گیا کہ یہ فلائٹ بھی تکنیکی وجوہات کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہے۔

پاکستان نے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ 2 میں اپنا آخری میچ 11 جون کی رات آٹھ بجے تاجکستان کے خلاف کھیلنا ہے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق ٹیم کے 35 رکنی سکواڈ کے آٹھ کھلاڑی دوشنبہ پہلے ہی پہنچ چکے تھے جبکہ دیگر سکواڈ تاحال فلائٹ کا منتظر ہے اور ایئرپورٹ سے ہوٹل واپس آگیا ہے۔ اس سے پہلے بھی پاکستان سے تاجکستان فلائٹس کی عدم دستیابی کے باعث پاکستان کی ٹیم  کی تاجکستان روانگی تاخیر کا شکار رہی۔اتوار کو قومی فٹبال ٹیم کی تاجکستان روانگی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے فٹبال فیڈریشن نے وزیراعظم کے دفتر سے رابطہ کیا گیا تھا۔ قومی ٹیم کی تاجکستان روانگی کا شیڈول نجی ایئرلائن کی پرواز منسوخ ہونے سے متاثر ہوا تھا جبکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق قومی فٹبال ٹیم کی راؤنڈ 2 کے آخری میچ میں شرکت بھی خطرے میں پڑ گئی تھی۔ 

قومی ٹیم نے فیصل آباد سے براستہ دبئی دوشنبہ جانا تھا تاہم نجی ایئرلائن کی پرواز دو بار تاخیر کے بعد منسوخ کر دی گئی تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.