نیوزی لینڈ کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہونے کو، ویسٹ انڈیز 13 رنز سے کامیاب

image

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 26ویں میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے ہرا کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

جمعرات کو ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 150 رنز کے ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے 40، فِن ایلن نے 26 اور مِچل سینٹنر نے 21 سکور بنائے۔

ویسٹ انڈیزکی طرف سے الزاری جوزف نے چار، گُوداکیش موٹی نے تین جبکہ عقیل حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد ویسٹ انڈیز نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے شرفین رَدرفورڈ نے 68، نکولس پُوران نے 17 جبکہ عقیل حسین نے 15 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے تین جبکہ ٹِم ساؤتھی اور لوکی فرگوسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں شکست کے بعد نیوزی لینڈ کا ٹی20 ورلڈ کپ میں سفر نہایت کٹھن اور مشکلات سے بھرپور ہوگیا ہے۔

نیوزی لینڈ گروپ سی میں صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور آخری نمبر پر موجود ہے جبکہ اس کا نیٹ رن ریٹ منفی 2.425 ہے۔

سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ کو رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنے آخری دونوں میچ بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے۔

اسی طرح کیوی فینز کو یہ دعا بھی کرنی ہوگی کہ افغانستان اپنے باقی دونوں میچ بڑے مارجن سے ہار جائے۔

یہاں واضح رہے کہ افغانستان کا اگلا میچ جمعے کو پاپوا نیو گنی سے ہے اور اگر اس میچ میں افغان ٹیم جیت جاتی ہے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ سے مکمل طور پر باہر ہو جائے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.