عید الاضحیٰ: فریج کی صفائی اور گوشت کو محفوظ رکھنے کے سستے اور آزمودہ نسخے

اگر آپ گوشت کو بڑے ٹکڑوں کی صورت میں فریز کرتے ہیں تو انھیں ایک وقت میں یکساں ٹھنڈا ہونے میں بھی زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔ تو کوشش کریں کہ ان کے چھوٹے چھوٹے پیسز ہوں جو پکانے والی حالت میں ہوں۔
fridge
Getty Images

عید الاضحیٰ ایک ایسا مذہبی تہوار ہے جس میں دنیا بھر کے مسلمانوں میں جانوروں کی قربانی کے بعد گوشت کی ڈشز بنانے اور مل کر کھانے کی روایت کئی صدیوں سے جاری ہے۔

اسلامی کیلنڈر کے مطابق 10 ذی الحج کو منائے جانے والے اس تہوار کا جہاں گوشت کھانے کے شوقین افراد کو شدت سے انتظار رہتا ہے وہیں لوگ گوشت کو سنبھالنے کی تیاری بھی کئی دنوں پہلے سے شروع کر دیتے ہیں۔

تاہم ان تیاریوں سے بھی پہلے جس چیز پر سب سے زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے وہ ہے گھر میں موجود فریج کی صفائی تاکہ نہ صرف گوشت کو کچھ دنوں تک محفوظ رکھا جا سکے بلکہ فریج میں موجود دیگر اشیا کو بھی خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔

پاکستان میں عید الاضحیٰ اس سال جون کے عین وسط میں آئی ہے اور سال کے ان دنوں میں عموماً گرمی اپنے عروج پر ہوتی ہے۔

فریج کو نئے جیسا بنانے کے لیے کم خرچ بالا نشین صفائی کیسے کی جائے، گوشت کو دیرپا محفوظ کیسے رکھیں، فریج میں دیگر اشیا کی مؤثر طریقے سے ترتیب کیا ہو؟

انھی سوالات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم نے اس شعبے کے ماہرین سے بات کی تاکہ آپ بھی عید سے پہلے گوشت سنبھالنے کے لیے اپنے فریج کی کارکردگی بڑھا سکیں۔

فریج کی صفائی
Getty Images

’لیموں، سرکے اورمیٹھے سوڈے کا محلول جو نئے فریج جیسی چمک دے‘

آپ کے گھر میں موجود فریج پرانا ہو یا کچھ عرصے پہلے ہی لیا گیا ہو اگر گاہے بہ گاہے اس کی صفائی کا خیال نہ کیا جائے تو اس کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

اور پھرموقع ہو عیدالاضحیٰ کا اور وہ آئے بھی گرمیوں میں تو اس تہوار سے پہلے فریج کی صفائی تو لازمی ہے کیونکہ قربانی کے گوشت کو رکھنے کے لیے جگہ بنانے کے ساتھدیگر چیزوں کو بھی محفوظ رکھنا ضروری ہے۔

مگر یہ صفائی کتنے عرصے بعد ضروری ہوتی ہے اور اس کے لیے بازار میں ملنے والے مہنگے کیمیکلز کے بجائے گھر میں موجود کن اشیا سے مدد لی جا سکتی ہے۔

یہ سوالات ہم نے رکھے صبا شہزاد کے سامنے جو راولپنڈی کے تعلیمی ادارے وقارالنسا گرلز سکول میں ہوم اکنامکس اور فوڈ اینڈ نیوٹریشن کا مضمون پڑھاتی ہیں۔

صبا نے بتایا کہ فریج اگر کافی دنوں کے بعد صاف کیا جائے تو اس کی کارکردگی پر فرق پڑ سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہر ایک سے ڈیڑھ ماہ میں فریج کی صفائی کی جائے اور اس دوران چند سادہ باتوں کو ذہن میں رکھ کر اسے نئے جیسا بنایا جا سکتا ہے۔

صبا کے آزمودہ نسخوں کے مطابق:

  • سب سے پہلے فریج کا پلگ نکال کر اس کے دروازے کھولنا ضروری ہے تاکہ فرج میں جمی برف پگھل سکے۔
  • نیم گرم پانی میں دو چمچ نمک، ایک چمچ سرکہ اور آدھا چمچ سوڈا ڈال کر سپرے بوتل میں ڈال دیں۔ پھر محلول کو فریج اور فریزر کے برف زدہ حصوں پر سپرے کریں۔
  • پانچ سات منٹ کے وقفے کے بعد پھر یہی عمل دہرائیں۔ دو سے تین بار دہرا نے سے تھوڑی ہی دیر میں تمام برف پگھل جائے گی۔ فریج کی برف اتارنے کے لیے چھری ہرگز استعمال نہ کریں۔
  • فریج کی صفائی کے لیے پہلے ایک پیالے میں برتن دھونے کا لیکویڈ سوپ، تھوڑا سا سوڈا اور لیموں نچوڑ کر مکس کریں اور اس کو سپنج کی مدد سے فریج کے تمام حصوں کر صاف کریں۔
  • فریج کے ربڑ، دروازوں اور کناروں پر یہی محلول ٹوتھ برش کی مدد سے لگائیں۔
  • سپنج سے لگانے کے بعد ایک کاٹن یا فلالین کے کپڑے کو صاف پانی میں نچوڑ کر لگایا گیا محلول صاف کریں۔
  • آخر میں اس کو سوکھے یا خشک تولیہ سے صاف کر لیں۔ اس سے نہ صرف فریج کی بوبالکہ تمام داغ دھبے دور ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

فریج میں جگہ بنانے کے طریقے

اگرعید الاضحیٰ کے لیے فریج میں جگہ بنانا مطلوب ہو تو اس کے لیے صبا مشورہ دیتی ہیں کہ کچھ چیزیں ڈبوں کے بجائے زپ لاک بیگ یا پلاسٹک کی تھیلیوں میں محفوظ رکھیں۔

ان کے مطابق فریج میں ڈبے زیادہ جگہ گھیرتے ہیں، لہذا یہ مندرجہ ذیل مشورے دیتی ہیں:

  • لہسن ادرک کو کیوب ٹرے میں جمائیں
  • فریج کے اوپر والے حصے میں کولنگ سب سے زیادہ ہوتی ہے لہٰذا قربانی کے گوشت کو اس حصے میں ٹرے میں رکھ کر اس میں گوشت کے پیکٹ رکھیں تاکہ گوشت کا پانی یا خون اگر بہے تو ٹرے میں رہے
  • فریج کے درمیان والے حصے میں پکے ہوئے کھانے اور سب سے نیچے والے حصے میں سبزیاں اور پھل رکھیں۔
  • ہری مرچوں کو صاف کر کے کپڑے ، ٹشو پیپر یا اخبار پر سکھا کر اس کو ایئر ٹائٹ ڈبے میں رکھیں
  • فریج کی بو دور کرنے کے لیے کوئلے کا استعمال کریں
فریج کی صفائی
Getty Images

لمبے عرصے تک گوشت کو تازہ اور ذائقے دار بنانے کے لیے اسے کیسے محفوظ رکھا جا سکتا ہے؟

اس سوال کا جواب ہمیں ملا کھانے پکانے کے ہنر میں ماہر شیف محمد ذکی سے۔ ذکی ٹی وی پر ایک کوکنگ شو کرتے ہیں اور ساتھ ہی اسلام آباد میں اپنا ایک ریسٹورینٹ بھی چلاتے ہیں۔

شیف ذکی نے بی بی سی کے سوال کے جواب میں بتایا کہ ’بکرے یعنی مٹن کو محفوظ کرنے کے لیے سرکہ اور آٹا لگا کر چھوڑ دیں اور تھوڑی دیر بعد اس کو دھو لیں۔

’پھر اس میں ہلکا سا نما اور لیموں کا رس ڈال کر میڈیم آنچ پر پانی خشک کریں اور پھر گوشت کو ٹھنڈا ہونے پر اس کے پیکٹ بنا کر فریز کر لیں تو تین سے چار ماہ تک گوشت خراب نہیں ہو گا اور پکانے پر اس کا ذائقہ بھی لاجواب رہے گا۔‘

دو گھنٹے کے اندر گوشت فریز کرنا کیوں ضروری؟

قربانی کا گوشت بہت سے لوگ دیر تک محفوظ کرنا چاہتے ہیں تاہم اس گوشت کی غزائیت برقرار رکھنے کے لیے اسے کس طریقے سے اور کب تک منجمد کیا جائے؟

شفا ہسپتال اسلام آباد کی ماہر غذائیت زینب غیور کا کہنا ہے کہ فریز کیے گئے گوشت اور تازے گوشت کی غذائیت میں کوئی قابل ذکر فرق نہیں تاہم اس کی غذائی قدر میں کوئی کمی نہ ہو اس کے لیے یہ ضروری ہے کہ اس کو درست طریقے سے منجمد کیا جائے۔

قربانی
AFP

زینب غیور کے مطابق یہ دیکھنا ضروری ہے کہ قربانی کے گوشت کو کتنی دیر کے بعد فریز کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق گوشت کے حصے بننے کے دو گھنٹے کے اندر اگر گوشت فریز کر لیا جائے تواس کی غزائیت مکمل محفوظ رہتی ہے۔

اگر آپ گوشت کو بڑے ٹکڑوں کی صورت میں فریز کرتے ہیں تو انھیں ایک وقت میں یکساں ٹھنڈا ہونے میں بھی زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔ تو کوشش کریں کہ ان کے چھوٹے چھوٹے پیسز ہوں جو پکانے والی حالت میں ہوں۔

قیمے کو فریز کرنے کے بعد زیادہ سے زیادہ تین سے چار ماہ کے اندر تک استعمال کیا جا سکتا ہے مگر شرط یہ ہے کہ اس کے لیے آئیڈیل صورت حال ہو جس میں سب سے پہلے فریج کا درجہ حرارت برقرار رکھنا ہے۔

ایک وقت کا کھانا بنانے کے لیے درکار گوشت کے حساب سے ہی پیکٹ بنائے جائیں تاکہ جتنا استعمال کرنا ہو اتنا ہی فریزر سے نکالا جائے۔ یعنی بار بار فریج کا دروازہ نہ کھولا جائے۔

کلیجی مغز اور دیگر اعضا یعنی آرگن میٹ کے لیے تجویز کیا جاتا ہے کہ اس کو تازہ استعمال کیا جائے تو غزائیت کے حساب سے زیادہ بہتر ہے۔

فریج کو کس درجہ حرارت پر رکھا جائے؟

بی بی سی بائیٹ سائز کے مطابق فریج صاف کرتے ہوئے کسی بھی کھانے یا مشروبات کو صفائی ستھرائی کے سامان یا کیمیکل کے قریب نہ رکھا جائے کیونکہ وہ کھانے کو آلودہ کر سکتے ہیں۔

جب بھی فریج میں کھانے پینے کی اشیا کو رکھنا چاہیں تو خوراک کومحفوظ کرتے کچھ اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔

بی بی سی بائیٹ سائز میں دی گئی گائیڈ لائنز کے مطابق کھانے پینے کیبازار سے ڈبہ پیک اشیا کو جب بھی آپ فریج میں رکھیں تو ان کے لیبل پر لکھی ہدایات کو پڑھنا بہت ضروری ہے جس پر عام طور پر لکھا ہوتا ہے کہ کھانے کو صحیح درجہ حرارت اور صحیح جگہ پر کیسے رکھا جائے۔

فریج میں محفوظ
Getty Images

کھانے کی اشیا کو ذخیرہ کرتے وقت فریج میں موجود سٹاک کو گردش کرنا بھی ضروری ہوتا ہے، یہ تب ہوتا ہے جب پرانے کھانے کی موجودگی میں نیا کھانا رکھا جاتا ہے۔

جو کھانا فریج یا فریزر میں سب سے زیادہ عرصے سے پڑا ہے اسے نئے کھانے سے پہلے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس اصول سے فوڈ پوائزننگ اور کھانے کے ضیاع کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

فریج کو ایک سے چار ڈگری سیلیئس کے درمیان اور فریزر کو منفی 18 ڈگری سے نیچے کام کرنا چاہیے۔ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے سرد درجہ حرارت بیکٹیریا کی نشوونما کو سست یا غیر فعال کر دیتا ہے۔

فریج میں موجود اشیا کو ایک دوسرے سے آلودہ ہونے کا خدشہ بھی ہوتا ہے جن سے بچنے کی ضرورت ہے۔ کچے گوشت کو فریج کے نیچے شیلف پر کسی بھی تیار کھانے کے نیچے رکھنا چاہیے تاکہ گوشت کا پانی یا خون اس طرح کراس پولیوشن (یعنی ایک سے دوسری چیز کا خراب ہونا) نہ ہو۔

تمام کھانوں کو بند ڈبوں میں یا ڈھانپ کر رکھیں۔ تمام خشک کھانوں کو سیل بند تھیلوں یا کنٹینرز میں رکھیں اور یقینی بنائیں کہ ذخیرہ کرنے کی جگہ خشک اور ٹھنڈی ہو۔

سبزیاں محفوظ رکھیں
Getty Images

بچا ہوا کھانا ٹھنڈا کر کے رکھیں

جتنی جلدی ممکن ہو بچا ہوا کھانا ٹھنڈا کریں اور پھر اسے فریج میں رکھیں۔ فریج میں رکھنے سے پہلے بچے ہوئے کھانے کو ٹھنڈا کیا جانا چاہیے تاکہ وہ فریج میں رکھے دیگر ٹھنڈے کھانوں کا درجہ حرارت نہ بڑھائے جس سے ممکنہ طور پر فوڈ پوائزننگ کا خدشہ ہو سکتا ہے۔

کھانوں کو فریز یا جماتے وقت احتیاط برتیں۔ فریزر میں ذخیرہ کیے جانے والے کھانے کو احتیاط سے لپیٹا جانا چاہیے تاکہ ان کے اجزا دوسرے کھانوں کو خراب نہ کریں۔

اگر فریزر کو بند کر کے ڈی فروسٹ کیا جائے تو وہ تمام کھانے جو پگھل گئے ہیں، ان کو دوبارہ نہ جمائیں بلکہ فوری استعمال کریں یا ضائع کر دیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.