وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات

image

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات میں عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ’فلسطینیوں کی نسل کشی پر مبنی مہم‘ پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائیں۔

عرب نیوز کے مطابق یہ ملاقات بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کی سائیڈ لائنز میں ہوئی ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک برس سے جاری جنگ نے جہاں غزہ کی پٹی کے مکینوں کو محصور کر رکھا ہے وہیں اب یہ لڑائی لبنان تک وسعت اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

گزشتہ پیر سے اب تک ہونے والے حملوں میں لبنان میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق رواں ہفتے ہونے والے اسرائیلی حملوں میں 50 بچوں سمیت 560 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔‘

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم کے معاملے میں جوابدہ بنائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کی آزاد و خودمختار ریاست کی حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے اسرائیل کے لبنان پر ’تباہ کن‘ فضائی حملوں کی مذمت بھی کی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے اسرائیل حماس جنگ سے متعلق مزید کہا کہ ’دو ریاستی حل ہی اس تنازع کو سلجھا سکتا ہے۔ پہلے غیرمشروط جنگ بندی اور پھر ریاستی حل، اس کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے۔‘

وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

اس موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف کی کئی دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں ہیں۔

بدھ کو کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الصباح سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی کئی دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں ہیں (فوٹو: پی ایم او)وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق ’وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ پاکستان کویت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں پر عزم ہے۔‘

اس کے علاوہ ترک صدر رجب طیب اردوغان سے بھی شہباز شریف کی ملاقات ہوئی ہے۔

اس میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’آج اقوام متحدہ میں ترک صدر نے انتہائی پرجوش خطاب کیا۔ ترک صدر کے ساتھ ملاقات میں سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ ترک صدر نے فلسطین کا مسئلہ جس طرح بیان کیا، اس نے پورے ہال میں موجود لوگوں کے دلوں کو چھوا ہے۔‘ـ


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.