پاکستان کپ، ’قومی ٹیم کا بولنگ اٹیک‘ نوجوان کھلاڑیوں کے سامنے بری طرح ناکام

image

پاکستان کپ میں قومی ٹیم کا بولنگ اٹیک نوجوان کھلاڑیوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہو رہا ہے۔

کپ میں شامل پانچوں ٹیمیں پانچ پانچ میچ کھیل چکی ہیں جن میں فاسٹ بولنگ اٹیک شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث روف جبکہ سپن بولنگ میں شاداب خان، ابرار احمد اور اسامہ میر ناکام دکھائے دے رہے ہیں۔

نوجوان بولر محمد حسنین 14 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ جہانداد خان، احمد دانیال اور زاہد محمود 10،10 وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولرز کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔

اسی طرح بیٹنگ کے شعبے میں بھی پانچ میچوں کے بعد عثمان خان 259 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ طیب طاہر 249، کامران غلام 248، صائم ایوب 225، آغا سلمان 222 اور امام الحق نے 212 رنز سکور کیے ہیں۔ بابر اعظم نے چار میچوں میں 230 رنز بنا رکھے ہیں۔

فیصل آباد میں جاری پاکستان کپ میں تمام ٹیمیں ایک ایک پریکٹس میچ کے علاوہ اپنے چار چار میچ کھیل چکی ہیں جس کے بعد مارخور چار میں سے تین میچ جیت کر سرفہرست جبکہ پینتھرز کی ٹیم بھی چار میں سے تین میچ جیت کر ذرا کم رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

اسی طرح سٹالینز نے چار میں سے دو میچ جیتے ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ لائنز اور ڈالفنز اپنے چار میچوں میں سے تین تین میچ ہارنے کے بعد چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹاپ 10 بولرز میں سے پانچ ایسے ہیں جو قومی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں تاہم ایک عرصے سے ٹیم سے باہر محمد حسنین سب سے آگے ہیں جبکہ شاہین افریدی پانچویں آغا سلمان چھٹے فہیم اشرف ساتویں اور میر حمزہ دسویں نمبر پر ہیں۔  

قومی ٹیم کے دونوں سٹار بولر نسیم شاہ اور حارث روف بالترتیب 11ویں اور 12ویں  نمبر پر موجود ہیں۔ 

ایک عرصے سے ٹیم سے باہر محمد حسنین سب سے آگے ہیں۔ (فوٹو: پی سی بی)

سپن بولنگ کے شعبے میں خوشدل شاہ 13ویں، ابرار احمد 14ویں، اسامہ میر 17ویں، عامر جمال 18ویں جبکہ شاداب خان 21ویں نمبر پر موجود ہیں۔

اگر کسی ایک میچ میں انفرادی کارکردگی کو سامنے رکھا جائے تو زاہد محمود نے ایک میچ میں 18 رنز کے عوض پانچ وکٹیں، صائم ایوب نے 24 رنز کے عوض پانچ وکٹیں، محمد حسنین نے 74 رنز کے عوض پانچ وکٹیں، جہاں داد خان نے 49 رنز کے عوض چار وکٹیں اور فہیم اشرف نے 50 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

پورے ٹورنامنٹ میں 15 کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے کسی ایک میچ میں تین وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ رن کھانے کا ریکارڈ زمان خان کے حصے میں آیا ہے جنہیں 10 اوورز میں 90 رنز پڑے تاہم انہوں نے اس میچ میں چار وکٹیں بھی حاصل کیں۔

عماد بٹ کو 10 اوورز میں 89 رنز، شاہین شاہ آفریدی کو 86، محمد عمران کو 85، اسامہ میر کو 83 اور عباس افریدی کو 78  رنز پڑے۔

10 اوورز میں 50 یا اس سے زائد رنز کھانے والے بولرز کی مجموعی تعداد 53 ہے۔

بیٹنگ کی شعبے میں ٹاپ 10 بیٹرز اگرچہ قومی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں لیکن ان میں بھی عثمان خان، طیب طاہر اور کامران غلام نے بابر اعظم، صائم ایوب، امام الحق افتخار احمد جیسے بڑے کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑا ہوا ہے۔ 

پاکستانی ٹیم کے سٹار بولر نسیم شاہ اور حارث روف بالترتیب 11ویں نمبر پر موجود ہیں۔ (فوٹو: پی سی بی)

حیدر علی، محمد رضوان، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث، شاداب خان، شان مسعود اور سعود شکیل سمیت بڑے نام خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں۔

اب تک کھیلے گئے میچز میں سات سینچریاں جبکہ 35 کھلاڑیوں نے نصف سینچریاں سکور کی ہیں۔

رواں سیزن کا سب سے بڑا سکور 156 ہے جو صائم ایوب نے 130 گیندوں پر سات چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے بنایا۔

سینچریاں سکور کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں کامران غلام نے 115 اور 113 جبکہ عثمان خان اور طیب طاہر نے بالترتیب 111 اور 109 جبکہ بابر اعظم نے 104 اور عرفان خان نیازی نے 100 رنز بنائے ہیں۔

دوسری جانب آغا سلمان اور امام الحق نے تین تین جبکہ خوشدل شاہ، افتخار احمد، حسین طلعت، حیدر علی اور عثمان خان نے دو دو نصف سینچریاں سکور کر رکھی ہیں۔

کسی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے بھی صائم ایوب نے لگائے ہیں جن کی تعداد سات ہے جبکہ زمان خان اور عبدالصمد نے چھ چھ جبکہ عرفان خان نیازی، احمد دانیال اور شاہین افریدی نے پانچ پانچ چھکے لگائے ہیں۔  خوشدل شاہ دو الگ الگ میچوں میں پانچ پانچ چھکے لگا چکے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.