لائیو: ایکس پر پابندی قومی سلامتی کی وجہ سے عائد ہے، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ

image

ایکس پر پابندی قومی سلامتی کی وجہ سے عائد ہے: وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ  نے نیو یارک میں غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس پر پابندی غیرعلانیہ نہیں بلکہ یہ پابندی قومی سلامتی کی وجہ سے عائد ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آزادی اظہار رائے کو روکنے کی کوشش نہیں۔ ایکس پر پابندی عبوری حکومت کے دوران عائد کی گئی۔‘

وزیر اطلاعات کے مطابق ’علیحدگی پسند اور دہشت گرد گروپ ’ایکس‘ پلیٹ فارم کو ملک کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ بی ایل اے کے دہشت گرد اپنی مہم ’ایکس‘ پر چلاتے ہیں۔ اس کے علاوہ دہشت گرد سوشل میڈیا پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کی لائیو کوریج چلاتے ہیں۔‘

’دہشت گرد گروپوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘

انہوں نے کہا جکہ ’ویب مینیجمنٹ سسٹم کے تحت سائبر اور ڈیٹا سکیورٹی کو یقینی بنانے میں کوئی حرج نہیں۔ ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی جیسا فورم موجود ہونا چاہیے جہاں عوام اپنی شکایات درج کر ا سکیں۔‘

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ’بطور سیاسی کارکن کہوں گا کہ ’ایکس‘ کھلنا چاہیے۔ ایکس کے ساتھ کمپلائنس کے معاملات بہتر ہو جائیں تو یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو سکتا ہے۔ ایکس پر پابندی کا معاملہ اس وقت عدالت میں زیر سماعت ہے۔‘

----------------------------------------------------------------------------------------------

لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کو  نیا سکریٹری دفاع تعینات 

لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کو  نیا سیکریٹری دفاع تعینات کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کو دو سال تین ماہ کی مدت کے لیے سکریٹری دفاع تعینات کیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے سیکریٹری دفاع کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

--------------------------------------------------------------------------------------------

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع، پی ڈی ایم اے کا انتباہ

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر میجنمنٹ اتھارٹی نے انتباہ جاری کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز  کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24 گھنٹے جاری ہے۔  

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بارشوں کا سلسلہ یکم اکتوبر تک جاری رہےگا۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ’شہری احتیاط کریں۔ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے بھی دور رہیں۔‘

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہری مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیراعظم شہباز شریف کی عراقی ہم منصب شیاع السودانی سے ملاقات

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف اور عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عراق کے مابین مضبوط تعلقات کو خوش آئند قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان عراق دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ضلع کرم میں قبائل کے درمیان جھڑپیں جاری، ہلاکیتں 37 ہو گئیں

ایک مقامی عہدیدار کے مطابق ضلع کرم میں فرقہ ورانہ جھڑپوں کے دوران مرنے والوں کی تعداد کم سے کم 37 ہو گئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی عہدیدار نے مزید کہا کہ مسلسل چھ دن سے لڑائی جاری ہے اور اس دوران 150 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

گزشتہ کئی برسوں میں ضلع کرم میں خونریز تصادم کے واقعات ہوئے ہیں جن میں سینکڑوں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

جولائی میں دو قبیلوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں کم سے کم 35 افراد ہلاک ہوئے تھے اور جرگے کی کوششوں سے جنگ بندی ہو گئی تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سیاحوں کے لیے فرینڈلی ویزہ سسٹم لائے ہیں، وزیراعظم کا عالمی یوم سیاحت پر پیغام

وزیراعظم  شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت شعبۂ سیاحت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری دنیا میں اقوام متحدہ کے تحت سیاحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سیاحوں کے لیے فرینڈلی ویزہ سسٹم لائے ہیں اور یہ فیصلہ سیاحت کے شعبہ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سیاحت قوموں کو جوڑنے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج عالمی یوم سیاحت 2024 کو ہم ’سیاحت اور امن‘ کے موضوع پر منا رہے ہیں۔ ’پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں کیونکہ اسے شاندار مناظر، پہاڑوں اور چوٹیوں، وسیع صحراؤں اور خوبصورت ساحلی پٹی سے نوازا گیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ سیاحت آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اس کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ہمیں سڑکوں اور سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو ترجیح دینی چاہیے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.