جوائنٹ تھراپی کیا ہے جو اداکار عامر خان اپنی بیٹی کے ساتھ لے رہے ہیں؟

عامر خان نے نیٹ فلکس انڈیا پر وویک مورتی کو انٹرویو دیا، جس میں انھوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی بیٹی ایرا ’جوائنٹ تھراپی‘ لے رہے ہیں۔
عامر خان
Getty Images
عامر خان نے نیٹ فلکس انڈیا پر وویک مورتی کو انٹرویو دیا۔ اس میں انھوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی بیٹی ایرا ’جوائنٹ تھراپی‘ لے رہے ہیں

’میں اپنے والد سے بات نہیں کرتا، وہ میری بات نہیں سمجھتے۔ پہلے میرے بھائی بہن کے ساتھ تعلقات اچھے تھے لیکن اب لگتا ہے کہ اس رشتے میں کچھ ٹوٹ گیا۔‘

درحقیقت دو لوگوں کا ایک دوسرے کے ساتھ جس قسم کا رشتہ ہو، کبھی کبھی فاصلہ آجاتا ہے، رابطہ منقطع ہو جاتا ہے اور نتیجتاً یہ رشتہ روز بروز بگڑتا چلا جاتا ہے۔ کیا اس کا کوئی حل ہے؟

فیملی تھراپی یا جوائنٹ تھراپی اس کا حل ہو سکتا ہے۔

عامر خان نے نیٹ فلکس انڈیا پر وویک مورتی کو انٹرویو دیا، جس میں انھوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی بیٹی ایرا ’جوائنٹ تھراپی‘ لے رہے ہیں۔

جوائنٹ تھراپی کیا ہے؟

اب بھی تھراپی لینا یا ماہر نفسیات کے پاس جانا برا سمجھا جاتا ہے۔

طلاق جیسے معاملات میں اکثر جوڑوں کو اس تھراپی سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے کہا جاتا ہے تاکہ وہ بات چیت کے ذریعے اپنے تعلقات کو بہتر بنا سکیں۔ قانونی طور پر مسائل کے حل کے لیے یہ پہلی کوشش بھی ہوتی ہے۔

فیملی تھراپی ٹاک تھراپی کا ایک حصہ ہے۔ اس میں ماہرین ایک خاندان یا خاندان کے کچھ افراد کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور ان کے مسائل حل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

اس تھراپی کا مقصد خاندان کے دو یا دو سے زیادہ افراد کے درمیان رابطے یا تعلق کو بہتر بنانا اور ایک دوسرے کے خلاف غصے یا نفرت کو کم کرنا ہے۔

جوائنٹ تھراپی
Getty Images
ماہرین ایک خاندان یا خاندان کے کچھ افراد کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور مسائل حل کرنے میں مدد دیتے ہیں

اکثر اس تھراپی کی مدد اُس وقت لی جاتی ہے کہ جب یا تو کوئی شخص اپنی زندگی میں ہونے والی ہر چیز کے لیے خاندان یا کسی اور بات یا فرد کو موردِ الزام ٹھہراتا ہے۔

یا خاندان کے کچھ افراد کا رویہ اس شخص کو پریشان کر رہا ہوتا ہے یا پھر دوسری جانب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ پورا خاندان اس شخص کے رویے سے پریشان ہو۔

ایسے میں سب کے لیے ضروری ہے کہ مل بیٹھ کر مسائل کو حل کریں لیکن اکثر ہوتا یہ ہے کہ تعلقات اتنے کشیدہ ہو جاتے ہیں کہ اگر بات بھی ہو تو بامعنی بات چیت کم اور الزامات اور جوابی الزامات زیادہ ہوتے ہیں۔

لہذا، آپ کو ایک ماہر یا کونسلر کے پاس جانے اورتھراپی لینے کی ضرورت پر جاتی ہے۔

ماہرین کیا کہتے ہیں؟

نکیتا مولے ممبئی میں کلینیکل سائیکولوجسٹ کے طور پر کام کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’انڈیا جیسے ملک میں فیملی بیسڈ سسٹم اور کلچر ہے، جس کا مطلب ہے کہ آپ ایک ہی وقت میں بہت سے لوگوں سے جڑے ہوئے ہیں۔‘

’ان کا ایک دوسرے کے ساتھ جذباتی، مالی اور بہت قریبی تعلق ہے۔ لہٰذا ہمارے ملک میں اس طرح کی فیملی تھراپی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’کیونکہ ہمارے پاس جذبات کے اظہار کا کوئی خاص طریقہ نہیں۔ ہم عام طور پر اس بارے میں بات کرتے ہیں کہ گھر میں کیا پکایا جائے گا، ٹی وی پر کیا ہے اور روزمرہ کی دیگر چیزیں۔‘

لیکن اکثر وہ چیزیں خاندانی گفتگو کا حصہ نہیں ہوتیں جو کوئی اپنے دل میں محسوس کر رہا ہوتا ہے جو چیز انھیں پریشان کر رہی ہوتی ہے یا وہ اسے کسی دوسرے سے کہہ نہیں پاتے۔

خاندان
Getty Images

بات چیت کے ذریعے معاملات کو حل کیا جاسکتا ہے لیکن لوگ اکثر اس طرح کی گفتگو کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

کلیولینڈ کلینک کے مطابق فیملی تھراپی میں خاندان کے متعدد ارکان کو ایک ساتھ یا گروپوں میں کسی ماہر سے بات کرنا شامل ہوسکتا ہے۔

مثال کے طور پر بچے اور والدین، بہن بھائی یا یہاں تک کہ تین نسلیں بھی اپنے سوالوں کے جواب تلاش کرنے کے لیے اکٹھے ہو سکتے ہیں۔

کلینک کی ویب سائٹ یہ بھی بتاتی ہے کہ اس تھراپی سے مدد مل سکتی ہے:

  • اگر فیملی میں کسی کی موت ہو گئی ہے تو اس صدمے پر کیسے قابو پایا جائے یا اگر ہم ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں تو ایسے میں کیا کریں۔
  • بوڑھے والدین ان کے درمیانی عمر کے بچوں اور چھوٹے پوتے پوتیوں کے درمیان رابطے کو کیسے بہتر بنائیں۔
  • جب والدین میں کسی وجہ سے علیحدگی ہو رہی ہو اور ایسے میں بچے متاثر ہو رہے ہوں تو کیا کرنا چاہیے؟
  • اور اگر خاندان میں کوئی ذہنی بیماری کا شکار ہے تو خاندان اس تھراپی سے بہت مدد حاصل کر سکتا ہے۔
خاندان
Getty Images

ڈاکٹر اومکار جوشی ماہر نفسیات ہیں۔ ان کے پاس آنے والے مریضوں کا تعلق عام طور پر دیہی علاقوں سے ہوتا ہے۔

ڈاکٹر جوشی کہتے ہیں کہ ’فرض کریں کہ فیملی میں کوئی ڈپریشن کا شکار رکن یا شیزوفرینیا میں کوئی مبتلا ہے جس کا رویہ بہت پریشان کن ہے۔ ایسے وقت میں وہ اکثر بات چیت یا مشاورت کے لیے تیار نہیں ہوتے ہیں۔‘

’ایسی صورت حال میں ہم فیملی کے ساتھ مل کر یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ متاثرہ شخص کو کیسے سنبھالنا ہے۔ دراصل اپنی بیماری کے بارے میں گھر والوں کو بتانا بھی فیملی تھراپی کا ایک حصہ ہے۔

کیا لوگ علاج کے لیے تیار ہیں؟

خاندان
Getty Images

کیا لوگ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ ہمارا رشتہ ٹوٹ چکا ہے اور ہمیں اسے ٹھیک کرنے کے لیے مدد کی ضرورت ہے؟

ڈاکٹر جوشی کہتے ہیں کہ ’لوگ یہ قبول ہی نہیں کرتے کہ انھیں علاج کی ضرورت ہے۔ ابھی آٹھ دن پہلے ایک ماں اور بیٹی میرے پاس آئی تھیں۔ ماں کی عمر ستر سال اور بیٹی کی عمر چالیس سال سے زیادہ تھی۔ لڑکی اعلی تعلیم یافتہ ہے اور اعلی عہدے پر ملازمت کرتی ہے۔ اس کی طلاق ہو گئی اور وہ ڈپریشن میں چلی گئی۔‘

’ماں نے کہا کہ اسے دوبارہ شادی کر لینی چاہیے۔ وہ اس معاملے پر لگاتار آپس میں بحث کر رہے تھے اور معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ لڑکی نے کہا کہ اگر میری ماں مر بھی جائے تو بھی مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘

’اعلیٰ تعلیم یافتہ لڑکی نے یہ قبول نہیں کیا کہ اسے مدد کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماں کو جو بھی مسئلہ ہے، اس کا علاج ہونا چاہیے جبکہ حقیقت میں لڑکی کے ڈپریشن کا علاج کرنے کی ضرورت تھی۔‘

’اس کے بعد وہ فیملی تھراپی کے ذریعے بات چیت پر راضی ہو گئے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ لوگ یہ تسلیم نہیں کرتے ہیں کہ انھیں تھراپی کی ضرورت ہے۔‘

سب سے پہلے کچھ کلینیکل ٹیسٹ ہوتے ہیں جنھیں سائیکومیٹرک ٹیسٹ بھی کہا جاتا ہے جس کے بعد آنے والے کیذہنی حالت کے بارے میں یہ جاننے میں مدد ملتی ہے کہ اُن کے ساتھ مسئلہ ہے کیا۔

اسی کے ساتھ ساتھ یہ معلوم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے کہ مریض کا علاج کیسے شروع کیا جائے۔

ڈاکٹر جوشی کہتے ہیں کہ ’یہ سب انسان کی فطرت اور بہت سی چیزوں پر اس کے رد عمل پر منحصر ہے۔ چاہے وہ ایک خاموش شخص ہو یا کھل کر اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار کرنے والا شخص۔‘

’اس ٹیسٹ کو کرنے کے بعد اس شخص کی خوبیاں اور مسائل سامنے آتے ہیں اور پھر اس قسم کی تھراپی میں ہم سب سے پہلے مریض کے قریبی لوگوں کو بتاتے ہیں اور سکھاتے ہیں کہ آپ متاثرہ شخص کی مدد کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔‘

خاندان
Getty Images
کسی کو تو ہمیں یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ہمارا سوچنے کا طریقہ غلط اور صحیح عمل کیا ہے

نسلی صدمے کا تصور

نفسیات میں نسلی صدمے کا ایک تصور بھی ہے۔ مثال کے طور پر ایک ساس اپنی بہو کے ساتھ جس طرح کا برتاؤ کرتی تھی اور جب وہ بہو ساس بنے گی تو وہ اپنی بہو کے ساتھ بھی اسی طرح کا برتاؤ کرے گی۔

یا اگر باپ چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصہ کر کے اپنے بیٹے کو پیٹتا ہوگا تو بیٹا بھی باپ بننے کے بعد ایسا ہی کرے گا۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر ایک نسل کو صدمہ پہنچتا ہے یا اسے کسی مُشکل یا مسئلے کا سامنا ہے تو اس کا جواب تلاش کرنے کی بجائے وہی صدمہ اگلی نسل تک پہنچ جاتا ہے۔

اس معاملے میں پونے میں مقیم ماہر نفسیات شروتی فڈنویس کہتی ہیں کہ ’نسلی صدمے کا واحد جواب فیملی تھراپی ہے۔ خاندانی تھراپی اس صدمے کو ایک نسل سے دوسری نسل میں منتقل ہونے سے روکنے کے لیے اہم ہے کیونکہ برتاؤ کا طریقہ اس کے پیچھے کے خیالات ہمارے ماضی کے تجربات سے تشکیل پاتے ہیں۔‘

’اگر باپ غصے میں ہے تو بچہ سوچتا ہے کہ باپ بھی ایسا ہی برتاؤ کرتا ہے۔ پھر وہ اپنے بچوں کے ساتھ بھی ایسا ہی برتاؤ کرتا ہے۔ ایسے میں کسی کو تو ہمیں یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ہمارا سوچنے کا طریقہ غلط اور صحیح عمل کیا ہے۔‘

’اس تھراپی کے ذریعے ہم سیکھتے ہیں کہ نسلی صدمے کو کیسے ٹھیک کیا جائے اور اگلی نسل کے ساتھ رابطہ کیسے قائم رکھا جائے۔‘

family
Getty Images

تھراپی کے بعد آگے کیسے بڑھا جائے؟

ماہرین پہلے تو خاندانی تعلقات خراب ہونے کی وجہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

اکثر ایسا ہوتا ہے کہ اگر کچھ ہو جائے تو اس کی وجہ سے پیدا ہونے والا غصہ برسوں تک ذہن میں رہتا ہے اور لوگ اسے بھول نہیں پاتے۔

ماہر نفسیات شروتی کا کہنا ہے کہ ’ایسے معاملات میں ہم کمٹمنٹ تھراپی کا استعمال کرتے ہیں۔ یعنی جو کچھ ہوا اسے قبول کریں اور مستقبل میں بہتر کرنے کا عزم کریں۔‘

شروتی کرتی کہتی ہیں کہ ’ہم آپ کو جو ہوا اُسے پیچھے چھوڑنا سکھاتے ہیں اور آگے بڑھنے کے طریقے تلاش کرنے میں بھی آپ کی مدد کرتے ہیں۔‘

ڈاکٹر جوشی ایک اور اہم بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ہمیں اس بات کی حد مقرر کرنی چاہیے کہ ہم کیا برداشت کر سکتے ہیں۔

ماہر نفسیات شروتی بھی یہی کہتی ہیں کہ ’ہم نے نہ تو حدود مقرر کی اور نہ ہی دوسروں کے لیے ایسا کبھی سوچا۔ پہلے تو ایسا لگتا ہے کہ لوگ خود غرض ہیں لیکن بعد میں تعلقات بہتر ہو جاتے ہیں کیونکہ ایک دوسرے سے توقعات محدود ہوتی ہیں۔‘

لیکن تمام ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ فیملی تھراپی کے بارے میں معاشرے میں اتنا شعور نہیں، جتنا ہونا چاہیے۔

نکیتا مولے کہتی ہیں کہ ’ہمیں اس سوچ کو بالائے طاق رکھنا ہوگا کہ ہم گھریلو معاملات کے بارے میں بیرونی دنیا سے کیوں بات کریں۔ جن لوگوں کے پاس آپ تھراپی کے لیے جاتے ہیں وہ ماہرین ہیں اور وہ آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔‘

’آپ کی بات سننے کے بعد وہ آپ کے بارے میں مفروضے نہیں بناتے۔ وہ آپ کو اپنے مسائل سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنے میں مدد کرتے ہیں۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.