لائیو: ’سموگ واپس آ سکتی ہے‘، لاہور ہائیکورٹ کی تین دن کے لیے سکول بند رکھنے کی تجویز

image

اہم نکات:

انڈین ٹیم کا پاکستان میں نہ کھیلنے کا معاملہ، آئی سی سی کا بورڈ اجلاس آج

وزیراعظم شہباز شریف کا فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے لیے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ

سموگ پر قابو پانے کے لیے لاہور میں تین دن ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد

 

علی امین گنڈاپور پر حملے کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، عمر ایوب

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور پر قاتلانہ حملے کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔

’وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کی گاڑی پر گولیاں برسائی گئیں، بلٹ پروف گاڑیوں نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ ان کے سکواڈ کو نشانہ کیا گیا۔ وزیراعلٰی کو اپنے صوبے میں جانے سے روکا گیا، بطور اپوزیشن لیڈر میں اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’28 کی شام تک میں اور علی امین گنڈاپور ایک ساتھ تھے، وہ شخص ایک گھنٹہ بھی نہیں سویا۔ وہ فرنٹ سے لیڈ کر رہا تھا۔‘

’لیڈر آف اپوزیشن پر قاتلانہ حملہ ہوا، جس کے ذمہ دار وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان میرے مجرم ہیں اور مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف استعمال ہونے والے ہتھیار عام شہریوں خلاف استعمال کیے گئے۔

’سموگ کی وجہ سے عائد پابندیاں آہستہ ختم کرنی چاہیے تھیں، یہ واپس آ سکتی ہے‘

رائے شاہنواز، اردو نیوز لاہور

لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کی جانب سے سموگ کے باعث لگائی گئیں پابندیوں میں نرمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

جمعے کو سموگ تدارک کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ ’سموگ کی وجہ سے عائد پابندیاں آہستہ آہستہ ختم کرنی چاہیے تھیں، ایک دم پابندیاں ختم کرنے سے سموگ واپس آ سکتی ہے۔‘

عدالت نے ایک بار پھر  ہفتے میں تین دن تک تعمیراتی کام اور سکولوں کو بند رکھنے کی تجویز دے دی۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ ’سموگ ختم نہیں ہوئی، یہ اچانک واپس آئے گی، تعمیرات کا کام شروع نہیں ہونا چاہیے۔‘ عدالت نے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

 حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات نہیں ہو رہے، ترجمان دفتر خارجہ 

 

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور تحریک طالبان کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔  

ریڈیو پاکستان کے مطابق جمعے کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے متعدد مواقع پر کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی تجاویز، دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ہزاروں افراد کے خاندانوں کی توہین ہیں۔

حالیہ مہینوں میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان نے افغان طالبان پر بارہا زور دیا ہے کہ ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کریں۔

صحافی مطیع اللہ جان کا جسمانی ریمانڈ، انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل

 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافی اور اینکر پرسن مطیع اللہ جان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔

جمعے کو صحافی مطیع اللہ جان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دو رکنی بینچ نے احکامات جاری کیے۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست پر سماعت کی۔

عدالتی حکم کے بعد مطیع اللہ جان اب جوڈیشل کسٹڈی میں  تصور ہوں گے۔

‏وفاق کے زیرانتظام تعلیمی اداروں میں ہفتے کی چھٹی ختم، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کل سے یکم فروری تک ہفتے کا دن ورکنگ ڈے ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا اطلاق 30 نومبر سے یکم فروری 2025 تک  2 ماہ کے لیے ہو گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کئی روز تعلیمی ادارے بند رہنے کے باعث طلبہ کی تعلیم کا حرج ہوا۔

چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی یا نہیں، آئی سی سی بورڈ کا اجلاس آج

 

پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ آج ہو گی۔

پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرنے والا ہے۔

تاہم، انڈین حکام کی جانب سے ان کی ٹیم کو کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کے بعد چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کا عمر ایوب کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم

 

پشاور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور کو حفاظتی ضمانت دے دی اور 19 دسمبر تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

جمعے کو ہائیکورٹ میں عمر ایوب اور فیصل امین گنڈاپور کی مقدمات کی تفصیل دینے اور حفاظتی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس خورشید اقبال نے کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے لیے ’غیرمتزلزل‘ حمایت کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے لیے اپنے ملک کی ’غیرمتزلزل‘ حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

جمعے کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ’عالمی برادری فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کو فوری طور پر روکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کرے، غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی جائے۔‘

فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منایا جاتا ہے، جس کی تقریبات نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر، جنیوا، ویانا اور نیروبی کے دفاتر میں منعقد ہوتی ہیں۔

لاہور میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو ہر قسم کی ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد

ادیب یوسفزئی، اردو نیوز لاہور

سموگ پر قابو پانے کے لیے حکومت پنجاب کی طرف سے لاہور میں تین روز کے لیے ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

جمعے کو سی ٹی او عمارہ طاہر نے ایک بیان میں کہا کہ ’آج، کل اور اتوار کو کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک، لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالی کو داخلہ کی اجازت نہیں ہو گی۔‘

پابندی کو یقینی بنانے کے لیے ڈی ایس پیز کی نگرانی میں شہر کے 12 داخلی و خارجی راستوں پر نفری تعینات کی گئی ہے۔

ہیوی ٹریفک، خستہ حال، انتہائی خطرناک حد تک کالا دھواں اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کو اجازت نہیں ہے۔

عمارہ طاہر نے کہا ہے کہ پابندی سے مستثنیٰ پیٹرول، ادویات، خورونوش اور مسافر گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد داخلہ کی اجازت ہے۔

پشاور میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کی کوشش

فیاض احمد، اردو نیوز پشاور

پشاور میں ٹریفک پولیس نے شہر کی مصروف شاہراہوں پر بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور ٹریفک جام کی وجوہات جاننے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

شہر میں پہلی بار ڈرون کیمروں کی مدد سے شاہراہوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے ٹریفک جام کی وجوہات اور رش والی شاہراہوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔

مزید تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.