لائیو: قومی کانفرنس، اپوزیشن جماعتوں کو اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں داخلے سے روک دیا

image
اہم نکات

آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے چھ سال مکمل ہونے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور سروسز چیفس کا خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کا دورہ پاکستان

اپوزیشن گرینڈ الائنس کو نجی ہوٹل میں کانفرنس کرنے سے روک دیا گیا

جمعرات کی صبح جب اپوزیشن گرینڈ الائنس کے ارکان قومی کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد کے نجی ہوٹل پہنچے تو وہاں تعینات ایف سی اور پولیس کے رہنماؤں نے ہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا۔

اس حوالے سے اپوزیشن الائنس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخون زادہ حسین یوسفزئی کا کہنا ہے کہ نجی ہوٹل کی انتظامیہ پر دباؤ ڈالا گیا ہے کہ اگر یہاں اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس ہوئی تو ہوٹل پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

بعد ازاں ہوٹل کے باہر پولیس اور ایف سی کی نفری تعینات کر کے شرکا کو اندر جانے سے روک دیا گیا۔

اپوزیشن رہنماؤں نے ہوٹل کے داخلی دروازے پر مشترکہ پریس کانفرنس کی اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے ظاہر ہے کہ ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔

 آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے 6 سال، انڈیا کی جارحیت کا جواب دیا، آئی ایس پی آر

آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے چھ سال مکمل ہونے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور سروسز چیفس نے افواج پاکستان کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے 27 فروری 2019 کو آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ لانچ کیا اور انڈیا کی بلاجواز جارحیت کا جواب دیا۔

27 فروری 2019 کو پاکستان ایئر فورس نے اپنی سرحدی حدود میں دو انڈین طیارے مار گرائے تھے جن میں سے ایک کے پائلٹ ابھینندن ورتھمان کو پاکستانی حکام نے گرفتار کر لیا تھا۔

آپریشن کے چھ سال مکمل ہونے کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور سروسز چیفس نے پاکستان کی قومی سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

ابوظبی کے ولی عہد آج پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان آج 27 فروری کو پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جس میں وزرا اور اعلیٰ حکام کے علاوہ کاروباری شخصیات بھی ہوں گی۔

یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتا ہے اور دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ 

دورے کے دوران ولی عہد پاکستان کی قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، تاریخی رشتوں کو مضبوط بنانے اور اقتصادی اور سرمایہ کاری میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے بات چیت کریں گے۔

مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.