پیارے بھائی کو آنکھوں کے سامنے دم توڑتا دیکھا۔۔ شاہین خان اسپتال سے جڑے زخموں کو یاد کر کے افسردہ ہوگئیں

image

"ہسپتال سے میری زندگی کی بہت تلخ یادیں جڑی ہیں، جب بھی شوٹنگ کے دوران ہسپتال کا کوئی سین آتا ہے تو میرا درد خود بخود جاگ اٹھتا ہے، اداکاری کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔"

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شاہین خان نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی کے دکھ بھری لمحات پر کھل کر بات کی۔ حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شریک ہونے کے دوران انہوں نے بتایا کہ ہسپتال ان کے لیے کسی سیٹ یا شوٹنگ کی جگہ سے زیادہ ایک کربناک یاد بن چکا ہے، جہاں ان کی زندگی کے سب سے قیمتی رشتے بچھڑ گئے۔

شاہین خان نے گفتگو کے دوران کہا کہ بعض اوقات اداکار اپنے کردار میں اس قدر ڈوب جاتے ہیں کہ وہ حقیقی زندگی پر بھی اثر ڈالنے لگتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں وہ ایک ایسے ڈرامے کی شوٹنگ کر رہی ہیں، جس میں ان کے شوہر کا کردار فالج کے باعث ہسپتال میں زیر علاج دکھایا گیا ہے۔ "جب میں وہ مناظر کرتی ہوں تو دل عجیب طرح سے بھر آتا ہے، جیسے وہ درد میرا اپنا ہو۔ شوٹنگ ختم ہونے کے بعد بھی وہ کیفیت ذہن سے نہیں جاتی۔"

اداکارہ نے بتایا کہ ہسپتال سے ان کے دکھ صرف ایک کردار کی حد تک نہیں بلکہ حقیقت میں بھی وابستہ ہیں۔ "میری والدہ اور بھائی دونوں ہسپتال ہی میں مجھ سے بچھڑے۔ میرا بھائی، جو مجھ سے بہت قریب تھا، اچانک ایک مہلک بیماری میں مبتلا ہوگیا۔ ڈاکٹرز نے کہا کہ اس کے پاس صرف ایک مہینہ ہے۔ میں دن میں شوٹنگ کرتی اور شام کو سیدھا ہسپتال جاتی۔ یہ وہ دن تھے جنہیں میں کبھی بھلا نہیں سکتی۔"

انہوں نے کہا کہ اپنے بھائی کو اپنی آنکھوں کے سامنے دم توڑتے دیکھنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا صدمہ تھا، اور اسی تجربے نے ان کے فن کو ایک نیا رخ دیا۔ "اب جب بھی کسی منظر میں ہسپتال آتا ہے، میں اداکاری نہیں کرتی, میں بس خود کو محسوس کرتی ہوں، کیونکہ وہ درد میرے اندر زندہ ہے۔"

شاہین خان کی گفتگو نے مداحوں کے دل چھو لیے، جنہوں نے ان کے حوصلے، فن اور زندگی کے دکھوں کو عزت و احترام سے سراہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US