مرکنٹائل پاکستان پر صارفین کا شدید ردعمل: آئی فون 17 کی قلت اور زیادہ قیمتوں پر تنقید

image

پاکستان میں ایپل کے آفیشل ڈسٹری بیوٹر مرکنٹائل پاکستان کی جانب سے آئی فون 17 سیریز کی تشہیر صارفین کے لیے مایوسی کا باعث بن گئی ہے۔ کمپنی کی جانب سے سوشل میڈیا پر اشتہاری مہم شروع ہونے کے بعد درجنوں صارفین نے شکایات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مرکنٹائل پاکستان کے مجاز ڈیلرز کے پاس فون دستیاب نہیں جبکہ وہ اصل قیمت سے کہیں زیادہ پیسوں پر فروخت کر رہے ہیں۔

مرکنٹائل پاکستان کے فیس بک پیج پر جاری کیے گئے پروموشنل ریلز کے نیچے کئی صارفین نے اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ “جب تک اسٹاک دستیاب نہ ہو، اشتہار دینے کا کیا فائدہ؟” ایک اور نے کہا کہ “کہیں بھی اسٹاک نہیں! ڈیلرز 50 سے 60 ہزار روپے زیادہ لے رہے ہیں۔” ایک اور صارف نے مایوسی کے ساتھ کہا، “مرکنٹائل پاکستان آؤٹ آف اسٹاک!” اس طرح کے تبصرے بڑی تعداد میں سامنے آئے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ خریداروں میں شدید ناراضی پائی جا رہی ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے مجاز ڈیلرز پر قیمتوں کے حوالے سے کوئی مؤثر کنٹرول نہیں رکھتی، جس کے باعث ہر شہر میں مختلف نرخوں پر آئی فون فروخت ہو رہا ہے۔ یہ عدم یکسانیت خریداروں میں الجھن اور بداعتمادی پیدا کر رہی ہے۔ ایک ناراض صارف نے لکھا، “تشہیر بند کرو، پہلے اسٹاک دو جس کا لوگ انتظار کر رہے ہیں۔” ایک اور نے طنزیہ انداز میں کہا، “جب فون دستیاب ہی نہیں تو اشتہار دینے کا کیا مطلب؟”

کئی خریداروں نے یہ بھی شکایت کی کہ ڈیلرز فونز کو “اون” پر بیچ رہے ہیں، یعنی سرکاری قیمت سے ہزاروں روپے زیادہ وصول کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے بتایا کہ “ڈیلرز 6 لاکھ روپے تک اون مانگ رہے ہیں۔” ایسی شکایات ظاہر کرتی ہیں کہ کمپنی کی جانب سے قیمتوں اور اسٹاک کے نظام میں شفافیت کی کمی ہے۔

مرکنٹائل پاکستان ایپل کا پاکستان میں سرکاری ڈسٹری بیوٹر ہے جو پی ٹی اے منظور شدہ آئی فونز مارکیٹ میں فراہم کرتا ہے۔ تاہم، ہر سال نئے آئی فون کی عالمی ریلیز کے بعد ابتدائی مرحلے میں محدود اسٹاک ایک عام بات ہے، جس سے مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق جب کسی کمپنی کی مارکیٹنگ مہم تو تیز ہو مگر مارکیٹ میں مصنوعات دستیاب نہ ہوں، تو صارفین کا اعتماد متاثر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مرکنٹائل پاکستان کی جانب سے ڈیلر لیول پر قیمتوں پر عدم کنٹرول خریداروں کے لیے مزید مایوسی کا باعث بن رہا ہے، کیونکہ مختلف شہروں میں ایک ہی ماڈل کی قیمتیں مختلف ہیں۔

ابھی تک مرکنٹائل پاکستان نے ان تمام الزامات اور صارفین کے ردعمل پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US