Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چنئی سپر کنگز کے ٹیم ڈِنر کے دوران ایم ایس دھونی رو پڑے: ہربھجن سنگھ

چنئی سپر کنگز کو آئی پی ایل کی تاریخ کی دوسری کامیاب ترین ٹیم کہا جاتا ہے (فوٹو: سٹیٹس مین)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم چنئی سپر کنگز کے کپتان ایم ایس دھونی کو دنیائے کرکٹ ’کیپٹن کُول‘ کے نام سے جانتی ہے۔
کرکٹ میچ کے دوران صورتحال جیسی بھی ہو، ایم ایس دھونی اپنے جذبات کا اظہار کم ہی کرتے نظر آتے ہیں اور فیلڈ پر بالکل خاموش، مطمئن اور پُرسکون دکھائی دیتے ہیں۔
لیکن منگل کے روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سٹار سپورٹس نے انڈیا اور چنئی سپر کنگز کے سابق کھلاڑی ہربھجن سنگھ اور اُن کے ساتھی کھلاڑی اور سابق جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر کی کمنٹری باکس سے ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ ایم ایس دھونی کے بارے میں حیرت انگیز انکشاف کرتے نظر آ رہے ہیں۔
ہربھجن سنگھ نے بتایا کہ 2018 میں جب چنئی سپر کنگز کی ٹیم دو سال کی پابندی لگنے کے بعد دوبارہ ٹورنامنٹ میں آئی تھی تو ایم ایس دھونی ٹیم ڈِنر کے دوران رو پڑے تھے۔
سابق آف سپنر کہتے ہیں کہ ’میں ایک سٹوری شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ 2018 میں جب اس ٹیم کی دو سال کی پابندی کے بعد واپسی ہوئی تو ہم سب اکٹھے ہوئے وہاں پر، وہاں ٹیم کا ڈِنر رکھا گیا تھا۔ میں نے کئی مرتبہ سنا کہ مرد روتے نہیں ہیں، لیکن مہندرا سنگھ دھونی وہاں روئے۔ وہ جذباتی ہوگئے تھے۔ شاید لوگوں کو پتا نہیں ہے۔‘
اس بارے میں مزید بات کرتے ہوئے عمران طاہر نے کہا کہ ’جی بالکل میں اُدھر ہی تھا، وہ اُن کے لیے کافی جذباتی لمحہ تھا اور وہاں سے مجھے اندازہ ہوا کہ یہ ٹیم ان کے دل کے کتنے قریب ہے۔ یہ ہم سب کے لیے کافی جذباتی بات تھی۔ لیکن یہ ہے کہ ان کے آنسو اور اُن کی لگن ہمارے لیے بڑی اچھی رہی کہ ہم اُس سال جیت گئے کیونکہ ہم دو سال بعد واپس آئے تھے، اس کے بعد آنا اور جیتنا۔
ہربھجن سنگھ نے مزید بتایا کہ ’جب وہ ٹرافی جیتے نا، ٹرافی لی، تقریب پوری ہوئی، اس کے بعد سب ڈھونڈ رہے کہ دھونی ہے کہاں؟ دھونی واپس ہوٹل چلے گئے۔ آدھے پونے گھنٹے کے بعد دھونی ہوٹل چلے گئے۔ کہتے ہیں کہ پاجی میں وہاں مزید نہیں رہنا چاہتا تھا۔ میں نے کہا بھئی کپتان ہو، جیتے ہیں، کہتے ہیں میرا کام ہو گیا ہے۔‘
چنئی سپر کنگز کو آئی پی ایل کی تاریخ کی دوسری کامیاب ترین ٹیم کہا جاتا ہے۔
دھونی کی اس ٹیم نے 2010، 2011، 2018 اور 2021 میں کُل چار مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی اپنے نام کی ہے۔
خیال رہے چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز پر میچ فکسنگ اور بیٹںگ کے الزام میں آئی پی ایل میں کھیلنے پر 2016 اور 2017 تک پابندی عائد کی گئی تھی۔
چنئی سپر کنگز پر دو سال کی پابندی کے دوران ایم ایس دھونی نے رائزنگ پونے سپر جائنٹ کی کپتانی کی تھی۔

شیئر: