کچرے کے بدلے سونے کے سِکّے: ’صفائی نصف ایمان ہے، ہمارا ایمان جاگ چکا ہے‘

’کچرے کے بدلے سونے کے سِکّے‘ کشمیر میں صفائی کی منفرد مہم
  • مصنف, ریاض مسرور
  • عہدہ, بی بی سی اُردو، سرینگر

کئی سال تک رضاکاروں کی مدد سے گاوٴں میں صفائی مہم چلانے کے بعد اننت ناگ کے گاؤں سادی وارا کے سرپنچ فاروق گنائی اُس وقت مایوس ہو گئے جب لوگوں نے اُن کے ’صفائی ساتھیوں‘ پر فقرے کسنا شروع کیا اور وہ ایک ایک کر کے مہم سے الگ ہو گئے۔

گھر میں اپنے خاوند کو مایوس دیکھ کر اُن کی بیوی شبنم فاروق نے انھیں حوصلہ دیا اور اپنے مہر سے دو سونے کے سِکّے مہم کے لیے عطیہ میں دے دیے۔

وہ بتاتے ہیں کہ ’میری بیگم نے یہ ترکیب بھی بتائی کہ صفائی کرنے کا ایک مقابلہ کیا جائے اور سب سے زیادہ کچرا لانے والے کو سونے کا سِکّہ انعام میں دیا جائے۔‘

سادی وارا گاوٴں
،تصویر کا کیپشنسادی وارا گاوٴں

مقابلہ شروع ہوا تو پرانے رضاکاروں کے ساتھ ساتھ نئے لوگ بھی اس میں شریک ہوئے۔

فاروق گنائی نے زیادہ سے زیادہ کچرے کی مقدار دو کوئنٹل مقرر کی۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے بوریاں بھر بھر کے ایک طے شدہ جگہ پر کچرا جمع کیا لیکن مقابلہ دو نوجوانوں نے جیت لیا۔

ایک سادہ سی تقریب کے دوران مقامی انتظامیہ کے افسروں کی موجودگی میں دونوں نوجوانوں کو انعام سے نوازا گیا۔

فاروق گنائی، شبنم فاروق

’سِکّہ یادگار ہے، بیچوں گا نہیں‘

سونے کا سکّہ جیتنے والے نوجوان فردوس ایک غریب مزدور ہیں جن کی بیوی کی چند سال قبل وفات ہو گئی تھی اور اب وہ اپنی معذور بیٹی کی پرورش کر رہے ہیں۔

وہ کئی سال سے سرپنچ فاروق کی مہم کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔

فردوس کہتے ہیں کہ ’میں غریب آدمی ہوں، میں یہ سِکّہ بیچ بھی سکتا تھا لیکن میں اسے ایک یادگار کے طور پر سنبھال کر رکھوں گا۔‘

وہ مزید کہتے ہیں کہ فاروق گنائی کے انوکھے مقابلے کی وجہ سے گاوٴں کے لوگوں میں بیداری آ گئی ہے اور اب سب لوگ صفائی مہم میں سنجیدہ ہیں۔

کچرا پھر کہاں جاتا ہے؟

صفائی مہم

فاروق گنائی کہتے ہیں کہ ایک شیڈ میں کچرے کو جمع کیا جاتا ہے جہاں اس کی سیگریگیشن کی جاتی ہے، یعنی پلاسٹک، کاغذ، کانچ وغیرہ کو الگ الگ بوریوں میں رکھا جاتا ہے۔

اس کے بعد کچرے کو ری سائیکل کرنے کے لیے وادی سے باہر بھیجا جاتا ہے۔

وہ بتاتے ہیں کہ ’ہم نے دیہی ترقی کے محکمے سے رابطہ کیا ہے اور کچھ فنڈز دستیاب ہوئے تو ہم ایک کمپوسٹ پلانٹ نصب کریں گے جہاں کچرے سے کھاد بھی بنے گی اور بجلی بھی۔‘

سرینگر سے جنوب کی جانب 85 کلومیٹر کی دُوری پر واقع سادی وارا گاوٴں آس پڑوس کے علاقے سے کافی مختلف ہے۔ ندی نالے شفاف ہیں، سڑکوں کے کنارے صاف ہیں اور گندگی کے ڈھیر کہیں نظر نہیں آتے۔

یہ بھی پڑھیے

صفائی مہم

فاروق اپنی بیوی اور درجنوں رضاکاروں کے ہمراہ روزانہ دو گھنٹے پورے سادی وارا گاؤں کی صفائی کرتے ہیں۔

’ہمارا بڑا مسئلہ سکول کے بچوں کا تھا۔ وہ چاکلیٹ یا چپس کے ریپر لاپرواہی سے پھینکتے تھے۔ میں نے سکولوں کا دورہ کر کے وہاں اعلان کیا کہ جو بچہ سب سے زیادہ ریپر اور سافٹ ڈرنک کی بوتلیں جمع کر کے پنچایت میں لائے اُسے ہم نقد انعام دیں گے۔ ہم بچوں میں صفائی اور آلودگی سے متعلق بیداری پیدا کرنا چاہتے ہیں۔‘

سادی وارا سے ملحقہ دوسری پنچایتیں بھی فاروق گنائی کا ماڈل اپنانا چاہتی ہیں۔ ’میرا مقصد صرف یہ گاوٴں صاف رکھنا نہیں۔ یہ ایک تحریک ہے اور میں چاہتا ہوں کہ ہر جگہ لوگ مہم چھیڑیں۔‘

سادی وارا گاوٴں
،تصویر کا کیپشنسادی وارا گاوٴں میں ندی نالے شفاف ہیں، سڑکوں کے کنارے صاف ہیں اور گندگی کے ڈھیر کہیں نظر نہیں آتے

’ہر بار سِکّہ نہیں دے سکتے‘

سوال یہ ہے کہ آخر کتنی بار سونے کے سِکّے دیے جائیں گے اور اس کے لیے پیسہ کہاں سے آئے گا؟

اس پر فاروق گنائی کہتے ہیں: ’اس مقصد کے لیے میری بیوی نے اپنے مہر سے دو سکّے عطیے میں دیے۔ ہم ہر بار سِکّہ نہیں دے سکتے۔ اس کا مقصد انسان کی نفسیات کو متحرک کر کے لوگوں کو صفائی پر آمادہ کرنا تھا۔ تاہم نقد انعام یا بچوں کے لیے دوسرے گفٹس ہم ضرور دیں گے۔‘

واضح رہے کہ انعام میں دیے گئے سونے کے سِکّے کا وزن ایک گرام ہے جس کی کشمیر میں قیمت پانچ ہزار روپے ہے۔

فاروق کہتے ہیں کہ ’یہ مقابلے روز نہیں ہو سکتے، البتہ اگر حکومت سپورٹ کرے تو سال میں ایک آدھ بار یہ ہو سکتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مہم کے ساتھ جُڑیں اور اس پراسیس میں سب لوگ آلودگی سے متعلق حساس ہو جائیں گے۔‘

صفائی مہم
،تصویر کا کیپشنحاجرہ نامی ایک خاتون رضاکار نے بتایا: ’صفائی نصف ایمان ہے، ہمارا ایمان جاگ چکا ہے‘

تاہم گاوٴں کی صفائی مہم میں شریک کئی رضاکاروں نے بتایا کہ انھیں سمجھ آ گیا ہے کہ ماحول کو صاف رکھنے کے کیا فائدے ہیں۔

حاجرہ نامی ایک خاتون رضاکار نے بتایا: ’یونہی نہیں کہا گیا کہ صفائی نصف ایمان ہے۔ ہمارا ایمان جاگ چکا ہے۔ ہم یہ کسی انعام کے لالچ میں نہیں کرتے ہیں بلکہ اپنا فرض پورا کر رہے ہیں۔‘

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پورے جموں کشمیر سے روزانہ تین ہزار ٹن کچرا نکلتا ہے۔

جموں اور کشمیر کے صوبوں میں شہروں اور بڑے قصبوں میں بلدیاتی اداروں نے گھر گھر جا کر کچرا جمع کرنے کا نظام تو بنایا ہے لیکن سادی وارا جیسے سینکڑوں گاوٴں ہیں جہاں یہ نظام نہیں ہے۔

یہی وجہ ہے کہ فاروق نے اس دور دراز گاوٴں میں لوگوں میں ماحولیاتی صفائی سے متعلق بیداری مہم چھیڑ دی ہے۔