Add Poetry

انقلاب

Poet: احمق پھپھوندوی By: سہرش, Quetta

یہ کہہ رہی ہے اشاروں میں گردش گردوں
کہ جلد ہم کوئی سخت انقلاب دیکھیں گے

نظام چرخ میں دیکھیں گے اک تغیر خاص
سکون دہر میں اک اضطراب دیکھیں گے

خدا نے چاہا تو اب جلد ہی وطن والے
وطن میں اپنا مشن کامیاب دیکھیں گے

دعائیں کی ہیں جو اہل وطن نے رو رو کر
یقیں ہے جلد انہیں مستجاب دیکھیں گے

زمانہ آنے ہی والا ہے جب ہم اے ظالم
تجھے بھی خوار تجھے بھی خراب دیکھیں گے

بہت ہی جلد ترے سر پہ بھی خدا کی قسم
خدا کا قہر خدا کا عتاب دیکھیں گے

تجھے بھی دیکھیں گے مجبور فاقہ و افلاس
تجھے بھی قید غم و اضطراب دیکھیں گے

تجھے بھی اپنی طرح جلد ہی بفضل خدا
اسیر سلسلۂ پیچ و تاب دیکھیں گے

تجھے بھی اپنی طرح پائے بند نالہ و آہ
یوں ہی مجال تباہ و خراب دیکھیں گے

رواں دواں تجھے ہندوستاں سے سوئے عدم
بہ قلب زار و بہ چشم پر آب دیکھیں گے

یہ دیکھنا ہے جو کچھ ہم کو اس میں دیر نہیں
بہت ہی جلد بہت ہی شتاب دیکھیں گے

Rate it:
Views: 1169
21 Mar, 2022
Related Tags on Pakistan Poetry Poetry
Load More Tags
More Pakistan Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets