Add Poetry

تصوّر میں اُنہیں ہم جلوہ ساماں دیکھ لیتے ہیں

Poet: پیرسیّدنصیرالدّین نصیرؔ By: Rabi, Islamabad

تصوّر میں اُنہیں ہم جلوہ ساماں دیکھ لیتے ہیں
محمد مصطفٰےؐ کا رُوئے تاباں دیکھ لیتے ہیں

نگاہِ عشق سے وہ حُسنِ پنہاں دیکھ لیتے ہیں
نبیؐ کے رُوپ میں ہم شانِ یزداں دیکھ لیتے ہیں

سفر ہو یا حَضَر، مدّ نظر ہے گُنبدِ خَضرٰی
جمالِ مصطفٰےؐ تا حدّ امکاں دیکھ لیتے ہیں

نظر اُٹھتی نہیں ہے مصحفِ رُوئے محمدؐ سے
بیاضِ نُور میں تفسیرِ قرآں دیکھ لیتے ہیں

نظر پڑ جائے شاہِؐ انبیاء کی جن گداؤں پر
وہ اپنے زیرِ پا تختِ سُلیماںؑ دیکھ لیتے ہیں

طوافِ گُنبدِ خَضرٰی کا جس دَم دھیاں آ جائے
ہم اُس دَم وجد میں اپنے دل و جاں دیکھ لیتے ہیں

تعلّق جن کا ہو جاتا ہے نُورِ مصطفائیؐ سے
دلوں میں اپنے روشن شمعِ ایماں دیکھ لیتے ہیں

نصیرؔ! اُس آستاں پر جو پہنچ جاتے ہیں قسمت سے
اِسی عالَم میں وہ بخشش کا ساماں دیکھ لیتے ہیں

Rate it:
Views: 226
14 Oct, 2021
Related Tags on Islamic Poetry
Load More Tags
More Islamic Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets