Add Poetry

کالی کوئل (بچپن کی ایک یاد) نظم

Poet: ندیم مراد By: N A D E E M M U R A D, UMTATA SOUTH AFRICA

آنگن میں جامن کا تھا اک پیڑ کہ جب ہم چھوٹے تھے
موسم میں ہم اس کے جامن شوق سے کھایا کرتے تھے

جامن کے اُس پیڑ پہ اک کالی کوئل بھی رہتی تھی
کالے کالے سے جامن مرغوب تھے شائد اس کو بھی

دیکھ کے ہم کو لیکن وہ گھبراتی تھی شرماتی تھی
اس کو دیکھنا چاہو تو وہ پتوں میں چُھپ جاتی تھی

لیکن صبح و شام وہ اپنا نغمہ "کُوک" سناتی تھی
کانوں میں رس گھولتی یہ آواز بہت ہی بھاتی تھی

بادِصبا میں وہ نغموں سے یوں کوملتا بکھراتی
بادِصبا کے خالق کے ہو جیسے گن گاتی جاتی

بادل گھر کر آتے تھے تو پاگل سی ہوجاتی تھی
جوش بھرے میٹھے نغمے سُندر آواز میں گاتی تھی

بارش میں ہم شور مچاتے چیختے اور چلاتے تھے
اور کیچڑ میں لت پت ہوجاتے تو ما ر بھی کھاتے تھے

لیکن اس ہنگام میں بھی وہ کوئل گاتی جاتی تھی
سب سے ڈرنے والی کیسے طاقت ور ہوجاتی تھی

پھر اک دن احساس ہو ا کہ اب گھر چھوٹا پڑتا ہے
کچھ بچوں کو صحن میں اپنا بستر ڈالنا پڑتا ہے

آنگن میں دو کمرے ڈلوانے کو جامن کاٹ دیا
اور اس کالی کوئل کا تو جیسے گلشن کاٹ دیا

اس دن اتنا رونا آیا جیسے اپنے چھوڑ گئے
جیسے اپنے چھوڑ گئے ، نازک سے من کو توڑ گئے

پھر میٹھی آواز بھی سنتا تھا تو کوئل یاد آتی
جامن کا وہ پیڑ بھی یاد آتا جو کوئل یاد آتی

گو کہ ہجر کے کچھ لمحے بھی صدیوں جتنے ہوتے ہیں
ناسمجھی کے دن کیا ماہ و سال بھی لمحے ہوتے ہیں

بیتی ایسے عمر کہ جیسے صحرا میں ساون بیتے
جیسے پو پھٹنے سے دھوپ نکلنے تک شبنم چمکے

لیکن کب سے کالی کوئل کی میں آس میں بیٹھا ہوں
کس کو خبر کہ کب سے اس میٹھی آواز کو ترسا ہوں

Rate it:
Views: 1187
08 Jul, 2013
Related Tags on Life Poetry
Load More Tags
More Life Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets