آر سی بی کا جشن: ایم ایس دھونی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر چلے گئے

image

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے جاری 17ویں ایڈیشن میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اور چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بارے میں کرکٹ حلقے جہاں ابھی تک آر سی بی کی جیت پر بات چیت کر رہے ہیں وہیں میچ کے بعد پیش آنے والا ایک واقعہ بھی زیرِبحث ہے۔

سنیچر کو بنگلور کے چناسوامی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آر سی بی نے سی ایس کے کو 27 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔

اس میچ کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں سی ایس کے وکٹ کیپر بیٹر اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو میچ ختم ہو جانے کے بعد آر سی بی کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے کا انتظار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

حیران کن طور پر ایم ایس دھونی اپنی ٹیم کے ساتھ آر سی بی کی ٹیم کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تاہم دوسری جانب پِچ پر آر سی بی کی پوری ٹیم جیت کا جشن منا رہی ہوتی ہے اور اس دوران ایم ایس دھونی بغیر ہاتھ ملائے واپس چلے جاتے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایم ایس دھونی جشن مناتی آر سی بی کی ٹیم کے حوالے سے کچھ اشارے بھی کرتے ہیں اور پھر گراؤنڈ سے واپس پویلین چلے جاتے ہیں۔

ایک اور وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھونی آر سی بی کے ڈگ آؤٹ میں بیٹھے ہوئے سپورٹ سٹاف سے ہاتھ ملاتے ہیں اور پھر پویلین چلے جاتے ہیں۔ 

For how long a man wait for a hand shake, RCB Was Celebrating their qualification for playoffs . Dhoni was like, You go ahead with your celebrations, I’m leaving #RCBVCSK pic.twitter.com/pSB7QD8CUw

— Nibraz Ramzan (@nibraz88cricket) May 19, 2024

اس بارے میں کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک بَز‘ کے ڈیجیٹل شو میں انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مائیکل وان کہتے ہیں کہ ’اگر کھلاڑیوں (آر سی بی) کے پاس شعور دکھانے کا کوئی وقت تھا تو وہ یہ ہی تھا۔ ہمیں نہیں علم کہ یہ ایم ایس دھونی کا آخری میچ ہے۔ جشن منانے والے کھلاڑیوں کو صرف یہ کرنا تھا کہ کچھ وقت صبر کرتے اور کہتے کہ لیجنڈ (ایم ایس دھونی) وہاں موجود ہیں۔‘ 

آر سی بی نے سی ایس کے کو 27 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں وہاں جانا ہے اور صرف اُن سے ہاتھ ملانا ہے۔ ہم نے اُن سے ہاتھ ملانا ہے اور پھر جشن منانا ہے۔ میں ایسا آر سی بی پلیئر نہیں بننا چاہوں گا جو بعد میں یہ سوچے کہ دھونی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور ہم نے اُن سے ہاتھ تک نہیں ملایا۔‘

دوسری جانب انڈین میڈیا کے مطابق سی ایس کے آفیشل کا کہنا ہے کہ ’دھونی نے ابھی تک سی ایس کے میں کسی کوئی نہیں بتایا کہ وہ ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیم انتظامیہ کو بتایا ہے کہ وہ حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے کچھ مہینے انتظار کریں گے۔‘

خیال رہے کہ پلے آف مرحلے میں آر سی بی کا مقابلہ 22 مئی کو ایلیمینیٹر میچ میں راجستھان رائلز سے ہو گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.