کیسے ایپل واچ نے ایک بےہوش انسان کی زندگی بچائی؟

ایپل کی ڈیوائسز اپنے حیرت انگیز فیچرز کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں- تاہم حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک اسٹوری پوسٹ کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کیسے ایپل واچ کے سیکورٹی فیچر کی وجہ سے ایک ایسے شخص کی جان بچ گئی جو امریکہ کے پہاڑوں سے بائیکنگ کے دوران نیچے گر گیا تھا-

img


تفصیلات کے مطابق Gabe Burdett کو اپنے والد کی جانب سے ایک خودکار ایپ کے ذریعے ایمرجنسی پیغام موصول ہوا جس میں ان کے والد Bob Burdett کے گرنے سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا اور ساتھ ہی مقام کے بارے میں بھی آگآہ کیا گیا تھا-

یہ فیچر یا ایپ ایپل کی اسمارٹ واچ میں موجود ہوتا ہے جسے hard fall detection کہا جاتا ہے اور یہ فیچر انسان کے گرنے کی تعداد کو ریکارڈ میں رکھتا ہے- بنیادی طور پر یہ ایک صحت کی دیکھ بھال سے متعلق تیار کردہ فیچر ہے-

Gabe اس وقت اپنے والد سے ملنے اس مقام پر ہی جا رہے تھے جہاں وہ بائیکنگ کر رہے تھے تاہم جب Gabe متعلقہ مقام پر پہنچے تو انہیں وہاں اپنے والد نظر نہیں آئے-

اتنی دیر میں اسی خودکار ایپ کی جانب سے ایک اور پیغام موصول ہوا جس میں انہیں ان کے والد کی نئی لوکیشن اور اس اسپتال کا پتہ فراہم کیا گیا جہاں ان کے والد کو سائیکل سے گرنے بعد لے جایا گیا تھا-

درحقیت ایپ نے Gabe کو اس حادثے سے متعلق آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ریسکیو کے عملے کو بھی آگاہ کردیا تھا- ریسکیو کا عملہ 30 منٹ سے بھی کم وقت میں حادثے کے مقام پر پہنچ گیا اور وہاں انہوں نے Gabe کے والد کو ابتدائی طبی امداد دی اور ساتھ ہی قریبی اسپتال منتقل کردیا-

Gabe کی فیس بک پوسٹ کے مطابق ان کے والد کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ان کے تمام ٹیسٹ بھی کلئیر آئے ہیں البتہ معمولی زخم ضرور ہیں- Gabe کے والد کو بغیر تاخیر کیے ایمرجنسی علاج مہیا کیا گیا اور یہ سب ایپل واچ میں موجود hard fall detection کی بدولت ممکن ہوا-


کوئی بھی صارف ایپل واچ میں ایمرجنسی رابطے کی تفصیلات محفوظ کرسکتا ہے- کسی حادثے کی صورت میں محفوظ رابطہ نمبر پر ایپ سے خودکار طریقے کے تحت ایمرجنسی پیغام ارسال کر دیا جاتا ہے اور اس پیغام میں حادثے کا مقام بھی درج ہوتا ہے- تاہم فیچر ابھی پاکستان میں دستیاب نہیں ہے-

Total Views: 4876

Reviews & Comments