اسمارٹ فون کو زیادہ مدت تک قابلِ استعمال رکھنے کے چند آسان طریقے

موجودہ دور میں ہر انسان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کے پاس جدید ترین اسمارٹ فون ہو یہ ایک جانب تو اسٹیٹس سمبل بن چکا ہے تو دوسری جانب وقت کی اہم ترین ضرورت ہونے سے بھی انکار ممکن نہیں ہے ۔ مہنگائی کے اس دور میں اسمارٹ فون رکھنا ایک مہنگا شوق ہے مگر شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اسی وجہ سے لوگ اپنی بچت کا ایک بڑا حصہ اس کی خریداری پر خرچ کرتے ہیں مگر کچھ وقت کے گزرنے کے بعد ہی اس میں کوئی نہ کوئی خرابی سامنے آنے لگتی ہے جس کے سبب پیسے ضائع ہو جاتے ہیں مگر کچھ احتیاطوں کے ذریعے ہم اپنے اسمارٹ فون کو زیادہ وقت تک بہترین ترین حالت میں رکھ سکتے ہیں

1: فالتو تصاویر اور ایپلی کیشن ڈیلیٹ کر دیا کریں
اسمارٹ فون میں مختلف گروپس کی جانب سے تصاویر کے آنے کا سلسل جاری رہتا ہے جو کہ فون کی میموری کا حصہ بن جاتا ہے اور میموری پر پڑنے والا بوجھ اس فون کی اسپیڈ کو کم کرنے کا سبب بن سکتا ہے جو کہ بڑی خرابی کا موجب بھی بن سکتا ہے لہٰذا اپنے فون کو بچانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ غیر ضروری چیزوں کو روزانہ کی بنیاد پر ڈیلیٹ کر دیا کریں-

img


2: اسکرین کو بچانے کے لیے گلاس اسکرین کا استعمال کریں
اسمارٹ فون کا سارا دارومدار اس کی ٹچ اسکرین پر ہوتا ہے لہٰذا اگر آپ اپنے فون کو بچانا چاہتے ہیں تو اس کی اسکرین کو محفوظ کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ اس کے اوپر گلاس کا ایک کور لگا لیں تاکہ اچانک لگنے والی کسی بھی چوٹ کی صورت میں فون محفوظ رہ سکے -

3: موبائل کا بیک کور ضرور استعمال کریں
موبائل فون کو محفوظ رکھنے میں بیک کور بھی اہم کردار ادا کرتا ہے اس سے ایک تو بیرونی ڈسٹ اور دیگر موسمی اثرات سے محفوظ رہتا ہے کیوں کہ کسی بھی مشین کی کارکردگی کو اس کے پرزوں میں جمع ہونے والی ڈسٹ بدترین کر دیتی ہے-

4: ایپلی کیشنز کو بار بار اپ ڈیٹ کرنے سے گریز کریں
اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیاں اس کو ڈیزائن کرتے ہوئے کسی بھی محدود جنریشن کے مطابق بناتی ہیں جب کہ ایپلی کیشن ہر گزرتے دن کے ساتھ اپ ٹو ڈیٹ ہوتی رہتی ہیں لہٰذا اگر آّپ اپنے فون کو محفوظ رکھنا چاہتے ہوں تو اس کو بار بار اپ ڈیٹ نہ کریں کیوں کہ وہ اپنی حدود سے زیادہ اپ ٹو ڈیٹ نہیں ہو سکتا-

img


5: اسمارٹ فون دن میں ایک بار ضرور بند کریں
اسمارٹ فون درحقیقت ایک منی کمپیوٹر ہوتا ہے اور جس طرح کمپیوٹر کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اس کو شٹ ڈاؤن کرنا ضروری ہوتا ہے اسی طرح اسمارٹ فون کو دن میں ایک بار مکمل طور پر بند کر کے آن کرنے سے اس کی کارکردگی پر بہت بہتر اثر پڑتا ہے -

6:بیٹری کی چارجنگ کا خیال رکھیں
بیٹری اسمارٹ فون کی جان ہوتی ہے لہٰذا اگر آپ اپنے فون کو اچھا دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کی چارجنگ کا خیال رکھیں اور جب چارجنگ 75 فی صد ہو تو تب ہی اس کو چارج کر لیں تاکہ وہ بہتر کام کرتی رہے اور اس بات کا انتظار نہ کریں کہ بیٹری ختم ہو تب ہی چارج کریں-

7: پانی سے بچائیں
اسمارٹ فون کو پانی سے بچانا بہت ضروری ہے کیوں کہ پانی کی وجہ سے اس کے سرکٹ کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور وہ خراب ہو سکتا ہے اس لیے اس بات کی بھی کوشش کریں کہ ورزش وغیرہ کرتے ہوئے بھی اپنے اسمارٹ فون کو اپنے ساتھ نہ رکھیں کیوں کہ پسینے کے سبب اس کو نقصان پہنچ سکتا ہے-

8: ڈرائیونگ کرتے ہوئے فون کو محفوظ جگہ پر رکھیں
عام طور پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے فون کا استعمال خلاف قانون ہوتا ہے مگر اس بات کا اہتمام بھی ضروری ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران فون کو کسی ایسی جگہ پر رکھیں کہ اچانک لگنے والی بریک کے سبب وہ نیچے نہ گر جائے-

img


9: وائرس سے محفوظ رکھیں
کسی بھی نئی ایپلی کیشن کو ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے اس امر کو یقینی بنا لیں کہ یہ ایپلی کیشن وائرس سے محفوط ہے کیوں کہ وائرس والی ایپلی کیشن کے سبب اسمارٹ فون کا سافٹ وئیر بری طرح متاثر ہو سکتا ہے-

10: کلاؤڈ اسٹوریج کا استعمال کریں
اپنی ہر پسندیدہ چيز کو فون میں رکھنے کے بجائے اپنا کلاؤڈ اکاونٹ بنائیں اور اپنی اسٹوریج کو کلاؤڈ پر اسٹور کرنے کی عادت اپنائیں اس سے ایک جانب تو آپ کا ڈیٹا محفوظ رہے گا اور اس سے فون کی میموری پر بھی کم سے کم بوجھ پڑے گا-

Total Views: 2230

Reviews & Comments