محکمہ موسمیات نے شہر قائد کے موسم کے حوالے سے نئی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں جاری گرمی کا سلسلہ اکتوبر کے آخر تک مزید بڑھ سکتا ہے، تاہم ماہ کے وسط میں راتوں میں ٹھنڈک محسوس ہونے کا امکان ہے۔
تفصیل کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد کراچی کا بدلتا ہوا موسم ایک بار پھر سے گرمی کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ دس دنوں تک کراچی میں درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے میں آ سکتا ہے، اور گرمی اکتوبر کے آخری ہفتے تک برقرار رہے گی۔ تاہم، اکتوبر کے وسط میں جہاں دن گرم ہوں گے، وہیں راتیں قدرے سرد ہونے کی توقع ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ ہوا کی رفتار 17 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس وقت شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں کراچی کا درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کے ساتھ مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار ارفراز کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں آئندہ کچھ دنوں تک بارش ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔