وٹامن ڈی انسانی جسم کے لیے نہایت اہمیت کا حامل وٹامن ہے، جو کئی جسمانی افعال میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ یہ ایک چربی میں حل ہونے والا وٹامن ہے جو جسم میں کیلشیم اور سیرم کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے، جبکہ ہڈیوں کی مضبوطی، عضلات کے افعال اور خلیات کے تحرک میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے اور کئی بیماریوں جیسے ہڈیوں کے بھربھرے پن، کینسر، ڈپریشن، ذیابیطس اور موٹاپے سے بچاؤ میں بھی وٹامن ڈی کا کردار اہم ہے۔ بدقسمتی سے، ان امراض کا شکار ہونے کا خطرہ خواتین میں زیادہ ہوتا ہے، کیونکہ ان میں وٹامن ڈی کی کمی کا مسئلہ عام ہے۔
وٹامن ڈی کا سب سے بڑا ذریعہ تو سورج کی روشنی ہے، مگر بعض غذائیں بھی اس وٹامن کو حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ذیل میں کچھ ایسی ہی غذائیں درج کی جا رہی ہیں، جو آپ کی وٹامن ڈی کی ضرورت کو پورا کر سکتی ہیں:
1. سالمن مچھلی
پروٹین اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور سالمن مچھلی وٹامن ڈی کے حصول کا ایک لاجواب ذریعہ ہے۔ کوشش کریں کہ فارمنگ والی کے بجائے قدرتی جنگلی سالمن کا انتخاب کریں، کیونکہ یہ غذائیت کے لحاظ سے زیادہ فائدہ مند ہوتی ہے۔
2. رینبو ٹراؤٹ
رینبو ٹراؤٹ ایک اور بہترین وٹامن ڈی فراہم کرنے والی مچھلی ہے۔ صرف 3 اونس رینبو ٹراؤٹ آپ کی روزانہ کی وٹامن ڈی کی 100 فیصد ضرورت پوری کر سکتی ہے۔
3. انڈے کی زردی
انڈے کی زردی میں موجود وٹامن ڈی کے ساتھ ساتھ امینو ایسڈز اور صحت بخش فیٹس بھی پائے جاتے ہیں۔ انڈے کی زردی وٹامن ڈی کے لیے بہترین انتخاب ہے۔
4. مشروم
مشرومز بھی وٹامن ڈی کا ایک عمدہ ذریعہ ہیں، خاص طور پر وہ مشرومز جو براہ راست سورج کی روشنی میں اُگتے ہیں۔ مختلف اقسام جیسے شائٹیک، پورٹوبیلو اور چانٹریل میں وٹامن ڈی کی مختلف مقدار پائی جاتی ہے۔
5. ٹونا مچھلی
ٹونا مچھلی وٹامن ڈی کے علاوہ پروٹین کا بھی ایک بہترین ذریعہ ہے۔ اس کا کین شدہ ورژن آپ کے لیے وٹامن ڈی حاصل کرنے کا آسان ذریعہ ہو سکتا ہے، خاص طور پر اگر آپ لائٹ ٹونا کا انتخاب کریں جس میں پارے کی مقدار کم ہو۔
6. سارڈین
سارڈین مچھلی قدرتی طور پر وٹامن ڈی اور پروٹین سے بھرپور ہوتی ہے۔ اس میں بھاری دھاتوں اور زہریلے مواد کی کم مقدار کی وجہ سے یہ صحت بخش سمندری خوراک سمجھی جاتی ہے۔
7. پنیر
پنیر وٹامن ڈی، کیلشیئم اور وٹامن کے کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ غذائی اجزاء مل کر ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ کوشش کریں کہ آرگینک اور راء پنیر کا انتخاب کریں۔
8. کاڈ لیور آئل
کاڈ لیور آئل وٹامن ڈی کے حصول کا ایک سرِفہرست ذریعہ ہے، جو وٹامن اے اور سوزش کش اومیگا 3 فیٹی ایسڈز بھی فراہم کرتا ہے۔ اگر آئل کی صورت میں اسے استعمال کرنا مشکل ہو تو کیپسول میں بھی لیا جا سکتا ہے۔
یہ غذائیں وٹامن ڈی کی کمی کو پورا کرنے اور آپ کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، خاص طور پر خواتین کے لیے، جنہیں اس وٹامن کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔