کراچی، 4 اکتوبر، 2024: پاکستان کے معروف اسلامی بینکوں میں سے ایک فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے حبیب یونیورسٹی کے ساتھ مل کر ”فن ٹیک انوویشن ہیکاتھون“ متعارف کرادیا ہے۔ اس ہیکاتھون کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں میں درپیش چیلنجز سے نمٹنا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ایف بی ایل جین۔ زی سامعین کے نقطہ نظر سے فائدہ اٹھانا اور نوجوان جدت طرازوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور تنقیدی سوچ کی مدد سے دنیا کے لیے قابل عمل حل تیار کرسکیں۔
ایف بی ایل کا پاکستان کے معروف لبرل آرٹس اینڈ سائنسز انسٹی ٹیوٹ حبیب یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک نوجوان مفکرین کو عملی ماحول میں اپنے خیالات کو پیش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا اور پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے منظر نامے کو تشکیل دینے میں تعاون کرنا ہے۔ یہ اقدام فیصل بینک کے کارپوریٹ اقدار کے ساتھ بھی مطابقت رکھتا ہے، جس کا مقصد ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا اور انقلابی اقدامات کو فروغ دینا ہے، جو اُس کے صارفین اور معاشرے پر بڑے پیمانے پر مثبت اثرات مرتب کریں گے۔
مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب میں فیصل بینک کے چیف ڈیجیٹل آفیسر امین الرحمٰن نے بینک کی جدت پسندی کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ”فیصل بینک تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ایسے حل تیار کرنے کے لیے پُرعزم ہے جس کے ذریعے خدمات کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ہیکاتھون سے بہتر کوئی طریقہ نہیں، جہاں مستقبل کے مالیاتی صارفین اپنی مشکلات کا حل خود تیار کرتے ہیں، جس کا انہیں بطور صارف سامنا ہوتا ہے۔“
حبیب یونیورسٹی کے نائب صدر اکیڈمک افیئرز ڈاکٹر عامر حسن نے کہا ”حبیب یونیورسٹی میں طلباء کی کامیابی ہمارا بنیادی مشن ہے۔ بینکنگ انڈسٹری کے معروف اداروں میں سے ایک فیصل بینک کے ساتھ شراکت داری ہمارے طلباء کو منفرد موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ حقیقی دنیا میں درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرسکیں اور مستقبل کے موجدین اور مسائل کا حل نکالنے والوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے۔ یہ تعاون نہ صرف صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اہم ہے، بلکہ تیزی سے بدلتی دنیا میں صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان طویل مدتی اور بامعنی تعاون کو فروغ دینے کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔“
یہ شراکت داری حبیب یونیورسٹی کے باشعور اور فعال طلبہ کو تربیت فراہم کرنے کی عمدہ مثال ہے۔ جبکہ فیصل بینک کی توجہ جدت طرازی کے کلچر کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل معیشت کے لیے شرعی اصولوں کے مطابق پائیدار حل بنانے پر مرکوز ہے۔
فیصل بینک کے بارے میں
فیصل بینک لمیٹڈ پاکستان کے سرکردہ اسلامی بینکوں میں سے ایک ہے، جو شرعیہ کے مطابق ریٹیل، کارپوریٹ اور انویسٹمنٹ بینکنگ مصنوعات و خدمات فراہم کرتا ہے۔ جدت اور معیار کے ساتھ ایف بی ایل اپنے صارفین کو غیرمعمولی بینکاری خدمات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔