حکومت پنجاب نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے مقدمے کی سماعت کی جس میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت یکم اکتوبر کو مقرر کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے شریک کرنے کا حکم دیا۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی لاہور جیل سے ویڈیو لنک پر شریک ہوں گے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تین گواہان کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
سانحہ 9 مئی کے تمام 12 مقدمات کی سماعت بھی یکم اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ یکم اکتوبر کو 11 مقدمات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو چالان کی نقول فراہم کی جائیں گی۔
سماعت کے دوران عدالت نے آئندہ تاریخ پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھی سمن جاری کردیا گیا ہے جبکہ عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور کنول شوزب وارنٹ گرفتاری کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عمر ایوب، شبلی فراز، کنول شوزب، زرتاج گل کو اشتہاری ملزمان قرار دینے کی قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
جی ایچ کیو حملہ کیس کا جیل ٹرائل تین ماہ سے التوا کا شکار تھا جو اب یکم اکتوبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے دوبارہ شروع ہوگا۔