راولپنڈی کے علاقے سبزی منڈی میں درخت کی بلند شاخ میں پھنسے کوے کو ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت آزاد کرا دیا۔
مقامی افراد کے مطابق کوا رات گئے یا علی الصبح روشنی ہونے سے قبل شاخ میں پھنسا تھا۔
اطلاع ملتے ہی اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت کوے کو نکالنے کی کوشش کی، تاہم درخت کی زیادہ بلندی کے باعث کامیابی نہ ہو سکی، جس پر ریسکیو 1122 کو طلب کیا گیا۔ ریسکیو اہلکار ابتدائی طور پر موٹر سائیکل پر موقع پر پہنچے، لیکن مناسب آلات نہ ہونے کے باعث واپس لوٹ گئے۔
بعد ازاں ریسکیو ٹیم فائر بریگیڈ کی گاڑی کے ساتھ دوبارہ موقع پر پہنچی اور مختصر جدوجہد کے بعد کوے کو درخت سے نکال لیا۔ اہلکاروں نے کوے کے پنجوں اور گردن میں پھنسی ڈور کو نہایت احتیاط سے کاٹ کر اسے محفوظ طریقے سے آزاد کیا۔
واقعے پر علاقہ مکینوں نے ریسکیو 1122 کی بروقت، انسان دوست اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا۔