بلوچستان کے وزیرِ زراعت میر علی حسن زہری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
میر علی حسن زہری نے 3 فروری 2026 کو وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے، میر علی حسن زہری نے استعفے میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ زراعت کی وزارت کو مطلوبہ وقت اور توجہ نہیں دے پا رہے، اس لیے وہ اس عہدے پر برقرار رہنا مناسب نہیں سمجھتے۔
ان کا استعفیٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کے اور وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی کے درمیان اختلافات کی خبریں پہلے سے گردش کر رہی تھیں۔
یاد رہے کہ علی حسن زہری ماضی میں اپنے حلقے (حب) کے ترقیاتی فنڈز اور حکومتی طرزِ عمل پر عوامی سطح پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے میر علی حسن زہری دسمبر 2024 میں صوبائی کابینہ کا حصہ بنے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی حسن زہری نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس نہیں لیں گے اور عوام کی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داریاں الگ حیثیت سے جاری رکھیں گے۔
اس سیاسی تبدیلی کو وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔