حکومتِ سندھ نے صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور ای چالان (e-challan) سے متعلق مقدمات کی جلد سماعت کے لیے خصوصی ٹریفک عدالتیں قائم کردی ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ محمد اقبال میمن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، کراچی ڈویژن سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں موجود کنزیومر کورٹس کو اب ٹریفک عدالتوں کے اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ صوبائی موٹر وہیکل (ترمیمی) ایکٹ 2025, کی دفعہ 121-A کے تحت اور سندھ ہائی کورٹ کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ای چالان سسٹم کے تحت ہونے والے جرمانوں اور تنازعات کا فوری حل نکالنا ہے تاکہ عام عدالتوں پر بوجھ کم ہو سکے۔
یہ عدالتیں اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے کیسز کی سماعت بھی کریں گی۔
ہائی کورٹ سندھ سے مشاورت کے بعد ٹریفک کورٹس کے قیام کی منظوری دی گئی، نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں ٹریفک مقدمات کی سماعت تیز کی جائے گی۔