پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال اکتوبر، نومبر میں انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف ایک ون ڈے ٹرائی سیریز کا انعقاد کیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق یہ ٹرائی سیریز قومی ٹیم کو اگلے سال ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے تیاری میں مدد کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ سری لنکا اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ اس وقت ٹرائی سیریز کے شیڈول کو فائنل کیا جا رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم ایک دوسرے سے کم از کم دو دفعہ میچز کھیلیں اور پھر فائنل ہوگا۔
اس سال پاکستان ٹیم نے اس ٹرائی سیریز کے علاوہ بھی تقریباً 9 سے 12 او ڈی آئی میچز کھیلنے ہیں جن میں تین تین میچز اور آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئرلینڈ شامل ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے انٹرنیشنل کرکٹ کے ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ سے پہلے قومی ٹیم کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے میچز کھیلنے کے مواقع فراہم کریں۔ اسی کڑی کا ایک اہم حصہ ٹرائی سیریز ہے۔
پاکستان ٹیم نے اسی سال انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں جا کر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے بھی میچز کھیلنے ہیں۔ حالیہ ہونے والے ون ڈے سیریز میں بنگلا دیش نے ڈھاکا میں ہونے والے میچز میں پاکستان کو دو ایک سے شکست دے دی اور سیریز اپنے نام کرلی۔
پاکستان نے صرف ایک دفعہ اپنی تاریخ میں 50 اوورز کا ورلڈ کپ جیتا ہے اور اس بات کو بھی 34 سال گزر چکے ہیں جبکہ 1999 کے ورلڈ کپ میں پاکستان فائنل میں آسٹریلیا سے ہارا تھا اور آخری دفعہ 2011 میں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنا پایا ہے۔ 2015، 2019 اور 2023 کے ورلڈ کپ میں پاکستان سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہیں کر پایا تھا۔