اسلام آباد کے ٹریفک آفس میں بارش کے دوران ٹیسٹ انسپکٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاں نہ تو ان کے لیے مناسب شیڈ موجود ہے اور نہ ہی چھتریوں کا کوئی انتظام کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بارش اور خراب موسم میں ڈرائیونگ ٹیسٹ ٹریک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہو جاتی ہے، جبکہ ٹریک بھی کچا ہونے کے باعث پانی جمع ہونے اور کیچڑ بننے سے مسائل مزید بڑھ جاتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ٹیسٹ کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی خستہ حالی اور ناکارہ پن کا شکار ہوچکی ہیں، جس سے امیدواروں اور عملے دونوں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔
بارش اور تیز ہواؤں کے دوران تمام عملہ کھلے آسمان تلے بھیگنے پر مجبور ہوتا ہے، جس سے نہ صرف ان کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے بلکہ صحت کے مسائل بھی پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیسٹ انسپکٹرز کے لیے الگ الگ رومز بنائیں جائیں تاکہ وہ دوران بارش اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے سر انجام دے سکیں، ٹریفک آفس میں فوری طور پر شیڈ، بہتر ٹریک، گاڑیوں کی مرمت اور بارش سے بچاؤ کے مناسب انتظامات کیے جائیں۔