آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے لائسنسنگ نظام میں جدید اصلاحات متعارف کرواتے ہوئے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے پیپر لیس لائسنسنگ پراسیس کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب میں محمد سرفراز ورک سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ آئی جی اسلام آباد نے پیپر لیس کاؤنٹرز کا دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور ان کے قیمتی وقت کی بچت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے میڈیکل فارم، تصاویر اور دیگر کاغذات درکار ہوتے تھے، تاہم اب میڈیکل سے لے کر لائسنس کے اجرا تک پورا نظام پیپر لیس کردیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ اس جدید نظام کے ذریعے شفافیت میں اضافہ ہوگا جبکہ شہریوں کو تیز، آسان اور جدید سہولیات فراہم کی جاسکیں گی۔