راولپنڈی کے بینظیر بھٹو ہسپتال میں او پی ڈی بلاک کے بیسمنٹ میں پانی جمع ہونے کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس پر محکمہ صحت نے فوری کارروائی شروع کر دی ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی ہدایت پر محکمہ صحت نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے عمارت کی ساختی مضبوطی کا تفصیلی جائزہ لینے اور ضروری اصلاحی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
ایگزیکٹو انجینئر کی رپورٹ کے مطابق یہ او پی ڈی بلاک 1950 میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس کے بیسمنٹ میں پانی جمع ہونے کا مسئلہ طویل عرصے سے جاری ہے جس کی ممکنہ وجہ زیر زمین پانی کی بلند سطح بتائی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ کسی بڑی ساختی دراڑ کی نشاندہی نہیں ہوئی، تاہم عمارت کی عمر اور نمی کے اثرات کے باعث مزید تکنیکی جانچ ضروری
ہے۔
محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ عمارت کا جامع جائزہ لے کر جلد از جلد مکمل رپورٹ پیش کی جائے تاکہ مریضوں اور عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔